قائداعظم ٹرافی 152014 کراچی نے ملتان کو شکست کے دہانے پر پہنچادیا

پورٹ قاسم نے زرعی بینک کے سامنے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، خرم منظور نے 137 کی اننگز کھیلی۔


Sports Desk November 20, 2014
پی آئی اے نے پی ٹی وی کے گرد شکنجہ کس دیا، سنچری میکرز شہریار غنی اور شعیب کے درمیان224 کی پارٹنرشپ۔ فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی کے ساتویں راؤنڈ میں کراچی ڈولفنز نے ملتان ٹائیگرز کو شکست کے دہانے پر پہنچا دیا، ٹیم کو اننگز کی خفت سے بچنے کیلیے 227 رنز درکار اور صرف 3 وکٹیں باقی ہیں۔

پورٹ قاسم نے زرعی بینک کے سامنے 508 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، خرم منظور 137 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، واپڈا کے خلاف نیشنل بینک نے 399 رنز اسکور کرلیے، سمیع اسلم 162 پر ہمت ہار گئے، راولپنڈی ریمز نے اسلام آباد لیپرڈز پرگرفت مضبوط بنالی، آخری تین وکٹیں صرف ایک رن پر گنواکر221 پر ہمت ہارنے والے لاہور لائنز کے سامنے پشاور پینتھرز نے9 وکٹ پر 325 رنز بنالیے، جمال الدین اور اکبر بادشاہ کی تھری فیگر اننگز سے قبل تاج ولی نے 7 وکٹیں اپنے نام کیں۔

پی آئی اے نے پی ٹی وی کے گرد شکنجہ کس دیا، شہریار غنی(152) اورشعیب خان(114) کے درمیان ساتویں وکٹ کیلیے ناقابل شکست 224 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔ ایبٹ آباد فالکنز کیخلاف سیالکوٹ اسٹالینز اور فیصل آباد کے مقابل بہاولپور اسٹیگز کی پوزیشن مستحکم ہوگئی، صداقت علی نے 7 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق گولڈ لیگ کے ساتویں مرحلے میں دوسرے روز ملتان اسٹیڈیم میں میزبان ٹائیگرز کیخلاف کراچی ڈولفنز فتح کے قریب پہنچ گئے، مہمان سائیڈ نے حریف کوپہلی اننگز میںصرف46 پر ڈھیر کرنے کے بعد 450 رنز بناکر 404کی سبقت حاصل کی، رمیز راجہ جونیئر 82 ، یاسر مشتاق62، محمد وقاص68اور بابر آغا 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ماجد علی 4 جبکہ محمد عرفان اور حازق حبیب اللہ 2,2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

404 رنز کے خسارے میں جانے والی ملتان کی ٹیم نے دوسری اننگز میں بھی صرف 177 پر 7 وکٹیں گنوا دیں، اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلیے مزید227 رنز بنانا ہوں گے، پہلی باری میں 6 وکٹیں لینے والے میر حمزہ نے دوسری اننگز میں2 شکار کیے، گلریز صدف 45رنز کے ساتھ تیسرے دن کا آغاز کریں گے۔ نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں پورٹ قاسم نے خرم منظور کے 139 رنز کی بدولت زرعی بینک کیخلاف پہلی اننگز میں 508 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، کامران یونس ففٹی بنانے میں کامیاب ہوئے، سہیل خان نے دھواں دار 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ جواب میں زیڈ ٹی بی ایل نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 46 رنز اسکور کیے۔

پنڈی اسٹیڈیم میں واپڈا کیخلاف نیشنل بینک نے399 رنز بنائے، سمیع اسلم 162 پر ہمت ہار گئے، فواد عالم نے 69 رنز کی اننگز کھیلی، جواب میں واپڈا نے 3 وکٹ پر 121 رنز بنائے، افتخار احمد 56رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مرغزار گراؤنڈ اسلام آباد میں سوئی ناردرن گیس کی ٹیم 289 پر آؤٹ ہوگئی، پرنس عباس نے 5 وکٹیں لیں، جواب میں یو بی ایل نے 181 پر آدھی ٹیم کا نقصان برداشت کرلیا، علی اسد 79 پر ناقابل شکست ہیں۔

ڈائمنڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں راولپنڈی ریمز نے میزبان لیپرڈز کیخلاف پہلی کاوش میں251 رنز بنائے، جواب میں اسلام آباد کی 6 وکٹیں 189 پر گرچکی ہیں، حسیب اعظم نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پشاور پینتھرز کیخلاف میزبان لائنز نے دوسرے روز7وکٹ پر220 رنز کے ساتھ پہلی اننگز کا آغاز کیا تو باقی تین بیٹسمین صرف ایک رن پر ہی پویلین لوٹ گئے، تینوں وکٹیں تاج ولی نے حاصل کرتے ہوئے اپنے شکاروں کی تعداد کو7 تک پہنچایا۔ جواب میں پشاور کے بیٹسمینوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 وکٹ پر 325 رنز بنالیے، جمال الدین 112 پر آؤٹ ہوئے، اکبر بادشاہ 101 پر ناقابل شکست ہیں، بلال نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری طرف سلور لیگ میں نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں کوئٹہ بیئرز نے میزبان زیبراز کیخلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹ پر 256 رنز اسکور کرلیے، ارون لال 73رنز کے ساتھ تیسرے دن کا آغاز کریں گے، منصور خان نے 6 پلیئرز کو آؤٹ کیا۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں میزیان ایگلز نے حیدر آباد ہاکس کے مقابل پہلی کوشش میں 324 رنز بنا لیے، فہد الحق 138 کے ساتھ نمایاں رہے، کوئٹہ بیئرز نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 130 پر 4 وکٹیں گنوا دیں۔

جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں پی آئی اے کی ٹیم نے 6 وکٹ پر 468 رنز بنانے کے ساتھ ہی اننگز ڈیکلیئرڈکردی، شہریار غنی 152 اور شعیب خان114پر ناٹ آؤٹ رہے، دونوں نے ساتویں وکٹ کیلیے ناقابل شکست 244 رنز کی شراکت بنائی، پی ٹی وی نے دوسری اننگز میں 34 پر ایک وکٹ کا نقصان اٹھا لیا۔ اسپورٹس اسٹیڈیم سرگودھا میں سوئی سدرن گیس کی ٹیم کو 312 پر آؤٹ کرنے کے بعد اسٹیٹ بینک نے4 وکٹ پر 248رنز بنا لیے، بابر اعظم 92 رنز پر آؤٹ ہوئے، عثمان صلاح الدین 55 کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں سیالکوٹ نے میزبان فالکنز کو مشکلات کا شکارکردیا،229 کے جواب میں اگرچہ مہمان سائیڈ پہلی اننگز میں 208 رنز کی بنا سکی لیکن اس کے بولرز نے دوسری کوشش میں صرف 70 پر 8 حریف بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگادیا،پہلی اننگز میں 4 وکٹیں لینے والے وقاص احمد نے دوسری میں 6 شکار کرتے ہوئے مجموعی طور پر 10 بیٹسمینوں کو پویلین بھیج دیا۔ ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں میزبان اسٹیگز نے فیصل آباد وولفز کیخلاف198 رنز بنائے، حریف ٹیم کے 6 شکار کرنے والے ظاہر شاہ نے 62 رنز کی اننگز بھی کھیلی، فیصل آباد کے صداقت علی 7 وکٹیں لے اڑے، مہان ٹیم نے دوسری کوشش میں 4 وکٹ پر 98 رنز بنائے تھے کہ دوسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا۔