پولیس مقابلوں میں کالعدم تنظیم اور گینگ وار کے 2 کارندے ہلاک

ملزمان پولیس اور رینجرزکے اہلکاروں سمیت 150افراد کے قتل اور دہشت گردی میں ملوث تھے۔


Staff Reporter November 21, 2014
ہلاک ملزم کی شناخت قاری عبد الرحمٰن ولد سعید محمد کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا، پولیس۔ فوٹو: فائل

قائد آباد میں پولیس اور رینجرز نے مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان کا اہم کارندہ اور نپیئر پولیس نے لیاری میں گینگ وار کے ملزم کو ہلاک کردیا۔

ملزمان پولیس اور رینجرزکے اہلکاروں سمیت 150افراد کے قتل اور دہشت گردی میں ملوث تھے،حکومت نے قاری عبدالرحمن کے سر کی قیمت 15 لاکھ روپے مقرر کی تھی، تفصیلات کے مطابق قائد آباد پولیس اور رینجرز نے لانڈھی گلشن بونیر کچی آبادی میں وزیرستان چوک حنفیہ مسجد کے قریب ایک مکان کو گھیرے میں لیا جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی جوابی فائرنگ میں ملزم قاری عبدالرحمن ہلاک ہوگیا اور اس کے دیگر ساتھی ملزمان مکان کی عقبی دیوار پھلانگ کر فرار ہوگئے، ہلاک ملزم سے ایک پستول اور دستی بم برآمد ہوا ہے۔

عبدالرحمن کی لاش جناح اسپتال لائی گئی، ایس ایچ او قائد آباد انسپکٹر امان اللہ مروت نے بتایا کہ ہلاک ملزم کی شناخت قاری عبد الرحمٰن ولد سعید محمد کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا جو150سیاسی و مذہبی جماعت کے کارکنوں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کے قتل، اغوا اور بھتہ خوری میں ملوث تھا، ملزم کی گرفتاری پر حکومت سندھ نے 15 لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا، پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ایدھی سرد خانے میں رکھوادی گئی ہے۔

ایس ایچ او نپیئر اعظم خان نے پولیس پارٹی اور رینجرز کے ہمراہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ڈھائی بجے لیاری اولڈ کمہار واڑہ سید محمود شاہ روڈ پر برف کے کارخانے والی گلی میں مقابلے کے دوران ایک ملزم کو ہلاک کردیا ملزم کے ساتھی موقع سے فرار ہوگئے، پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پستول برآمد کیا ہے، ملزم کی لاش سول اسپتال لائی گئی جہاں ملزم کی شناخت 25 سالہ نبیل بلوچ ولد حنیف بلوچ کے نام سے ہوئی، حنیف بلوچ بہار کالونی پھول پتی لائن کا رہائشی اور بابا لاڈلا گروپ کا کارندہ تھا،نپیئر پولیس نے ہلاک اور فرار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

دوسری کارروائی کے دوران نپیئر تھانے کے اے ایس آئی میر حسن نے پولیس پارٹی کے ہمراہ سید محمود شاہ روڈ رحمانیہ چوک کے قریب سے مقابلے کے بعد لیاری گینگ بابا لاڈلا گروپ کے کارندے حسنین پنجابی ولد عبد الرزاق کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول اور موٹر سائیکل برآمد کر لی، زخمی گینگ کارندے حسنین نے اپنے فرار ساتھی کا نام سکندر عرف سیکو بتایا ہے جو گینگ کا علاقائی کمانڈر ہے، پولیس نے گرفتار اور فرار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔