قائداعظم ٹرافی 201415 کوئٹہ نے کراچی زیبراز سے شکست کو پرے دھکیل دیا

این بی پی کیخلاف واپڈا کی ٹیم رسوائی سے بچ گئی،افتخار احمد 150رنز کے ساتھ ڈٹے رہے۔


Sports Desk November 22, 2014
اسٹیٹ بینک نے ایس ایس جی پی ایل کو اننگز اور 21 رنز سے قابو کیا، ظفر گوہر کی میچ میں 10 وکٹیں۔ فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں مرحلے میں کوئٹہ نے کراچی زیبراز سے شکست کو پرے دھکیل دیا۔

ٹیم نے142 پر 8 وکٹیں گنوا دی تھیں کہ خوش قسمتی سے میچ کا وقت ختم ہوگیا، نیشنل بینک کیخلاف واپڈا کی سائیڈ رسوائی سے بچ گئی، افتخار احمد150 کے ساتھ آخر تک ڈٹے رہے، پورٹ قاسم کے مقابل زیڈ ٹی بی ایل کو اننگز اور17 رنز کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، عبدالرؤف نے 6 وکٹیں اڑائیں۔ سوئی ناردرن گیس نے یو بی ایل کو 169 سے مات دی۔ اسٹیٹ بینک نے سوئی سدرن گیس پر اننگز اور21 رنز سے قابو پایا، ظفر گوہر نے میچ میں10 شکار کیے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ بیئرز کی ٹیم کراچی زیبراز کے ہاتھوں شکست سے بال بال بچ گئی، مہمان سائیڈ نے دوسری کاوش میں 142 پر 8 وکٹیں گنوا دی تھیں کہ خوش قسمتی سے میچ کا وقت ختم ہوگیا، اس سے قبل زیبراز پہلی اننگز میں 187 پر آئوٹ ہوئے، جواب میں کوئٹہ نے 268 رنز بنا کر برتری حاصل کی،میزبان بیٹسمینوں نے دوسری کاوش میں حریف بولرز کو ٹف ٹائم دیا اور 8 وکٹ پر 342 رنز پر اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی، ارسلان بشیر اور اویس رحمانی نے سنچریاں بنائی تھیں۔

پنڈی اسٹیڈیم پر گولڈ لیگ میچ میں افتخار احمد نے 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے واپڈا کو نیشنل بینک کے خلاف رسوائی سے بچالیا،واپڈا کی ٹیم399رنز کے جواب میں 231 پر رخصت ہوکر فالو آن کا شکار ہوئی، اس نے دوسری کاوش میں8 وکٹ پر 311 رنز بنائے تھے کہ میچ کا وقت ختم ہوگیا، 364 گیندوں کا سامنا کرنے والے افتخار احمد150رنز کے ساتھ آخر تک ڈٹے رہے۔

نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں پورٹ قاسم نے زرعی ترقیاتی بینک کو اننگز اور17 رنز کی خفت سے دوچار کیا، عبدالروف نے 6 وکٹیں اڑائیں، فاتح ٹیم نے واحد اننگز میں508 رنز بنائے تھے، زیڈ ٹی بی ایل کی سائیڈ پہلی کاوش میں 218 تک محدود رہی، فالو آن کے بعد دوسری باری میں اس نے 273 پر ہتھیار ڈال دیے، سہیل تنویر نے63رنز کے ساتھ مزاحمت کی۔

ڈائمنڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں راولپنڈی ریمز اور میزبان لیپرڈز کا میچ بغیر کسی نتیجے پر پہنچے ختم ہوگیا، راولپنڈی نے دوسری اننگز8 وکٹ پر 261 رنز بناکر ڈیکلیئرڈ کی،360 کے ہدف کا تعاقب کرنے والے میزبان لیپرڈز نے4 وکٹ پر 152 رنز بنائے تھے کہ چوتھے روز کا کھیل ختم ہوگیا۔

مرغزار گراؤنڈ اسلام آباد میں سوئی نادرن گیس نے یو بی ایل کو 169 رنز سے مات دیدی، ناکام ٹیم 291 کا پیچھا کرتے ہوئے آخری دن 122 پر ڈھیر ہوگئی،سمیع اللہ نیازی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں لیں، بلاول بھٹی، عمران علی اور احمد2,2 شکارکرنے میں کامیاب ہوئے۔ فاتح ٹیم نے پہلی اننگز میں 289 رنز بنائے تھے، جواب میں یوبی ایل کی ٹیم 266 پر آئوٹ ہوگئی،سوئی نادرن نے دوسری اننگز 8وکٹ پر268 رنز جوڑنے کے بعد ڈیکلیئرڈ کردی۔

سلور لیگ کے دیگر میچز میں اسٹیٹ بینک نے سوئی سدرن گیس کو اننگز اور 21 رنز سے مات دیدی، ناکام ٹیم کا سفر دوسری کوشش میں 155 پر ختم ہوگیا، ظفر گوہر نے مزید 5 شکارکرتے ہوئے میچ میں وکٹوں کی تعداد کو 10 تک پہنچایا ، کاشف بھٹی نے بھی پانچ وکٹیں اڑائیں۔

ناکام ٹیم کے پہلی باری میں312رنزکے جواب میں فاتح اسکواڈ نے 8 وکٹ پر 488 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی تھی، عثمان صلاح الدین اور رضوان حیدر نے سنچریاں اسکور کیں۔ ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میں میزبان ایگلز اور حیدر آباد ہاکس کا میچ ڈرا ہوگیا، مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں8و کٹ پر213 رنزبنائے، قبل ازیں لاہور نے 6 وکٹ پر 290رنز کے ساتھ اننگز ڈیکلیئرڈ کردی تھی، حیدر آباد کی ٹیم پہلی اننگز میں 238 تک ہی پہنچ سکی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں