سپرہائی وے پر قائم مویشی منڈی کے لیے سخت سیکیورٹی پلان بنانے کی ہدایت

مویشی منڈیوں سے قربانی کے جانور لے کر جانے والے قانون پسند شہریوں کو پولیس ہراساں کرنے سے اجتناب کرے، آئی جی پولیس


Staff Reporter October 01, 2012
عید الاضحی پر قربانی کے لیے سپر ہائی وے پر قائم کی جانے والی مویشی منڈی میں جانور کو ٹرکوں میں بھر کرلایا جا رہاہے۔ فوٹو: ایکسپریس

آئی جی سندھ فیاض لغاری نے کہا ہے کہ مویشی منڈی کے سیکیورٹی پلان کے تحت جرائم سے متاثرہ علاقوں کی گزرگاہوں پر پولیس گشت کے انتظامات کیے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ سپرہائی وے اور دیگر علاقوں میں قائم مویشی منڈی میں شہریوں کی حفاظت کا غیر معمولی منصوبہ پولیس کے تمام یونٹس باہمی مشاورت اور ماضی میں درپیش ممکنہ کمزور پہلوئوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ترتیب دیں جس میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی تجاویز اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر خصوصی توجہ دی جائے، انھوں نے مزید کہا کہ شہر کے مختلف گنجان آباد علاقوں میں بلا اجازت اور غیرقانونی طور پر مویشیوں کی خرید و فروخت سیکیورٹی رسک ہونے کے علاوہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بھی ہوگی لہٰذا ایسے معاملات کو بھی حفاظتی پلان میں شامل کیا جائے۔

فیاض لغاری نے کہا کہ مویشی منڈی سیکیورٹی منصوبے کے تحت جرائم سے متاثرہ علاقوں کی مرکزی گزرگاہوں پر پولیس کمانڈوز کے گشت اور تھانہ پولیس کے تحت رینڈم اسنیپ چیکنگ، اطراف کی گلیوں اور مارکیٹوں میں موٹر سائیکل پٹرولنگ اور پکٹنگ کے تمام تر اقدامات کو انتہائی سخت اور غیر جانبدارانہ بنایا جائے،آئی جی کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں سے قربانی کے جانور لے کر جانے والے قانون پسند شہریوں کو پولیس ہراساں کرنے سے اجتناب کرے۔