فن کے وکٹوں سے ٹکرائو کی عادت نے نئی بحث چھیڑ دی

نیوزی لینڈ سے میچ کے دوسرے اوور میں ان کے وکٹوں سے ٹکرانے کی وجہ سے امپائر نے ڈیڈ بال قرار دی


Sports Desk October 01, 2012
ماہرین کا خیال ہے کہ بولر کے اسٹمپس سے ٹکرانے پر آئی سی سی کو ڈیڈ بال کے بجائے نوبال قرار دینے کا قانون رائج کرنا چاہیے۔ فوٹو: اے ایف پی

LEEDS: انگلش پیسر اسٹیون فن کے وکٹوں سے ٹکرائو کی عادت نے نئی بحث چھیڑ دی۔

ماہرین کا خیال ہے کہ بولر کے اسٹمپس سے ٹکرانے پر آئی سی سی کو ڈیڈ بال کے بجائے نوبال قرار دینے کا قانون رائج کرنا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ہفتے کو اسٹیون فن نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا تاہم اس میچ کے دوران بھی ان کی وکٹوں سے ٹکرانے کی پرانی عادت اپنے عروج پر دکھائی دی، وہ اپنے آخری تینوں اوورز میں نان اسٹرائیک اینڈ پر گیند کرنے کے بعد توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے وکٹوں سے ٹکرا ئے، اس سے قبل جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز کے دوران بھی ان سے یہ حرکت سرزد ہوئی تھی۔

نیوزی لینڈ سے میچ کے دوسرے اوور میں ان کے وکٹوں سے ٹکرانے کی وجہ سے امپائر نے ڈیڈ بال قرار دی مگر اگلی گیند پر برینڈن آئوٹ ہوگئے، تیسرے اوور میں فرینکلن گیند کو بائونڈری کی راہ دکھا چکے تھے جب امپائر نے ڈیڈ بال قرار دی، اس طرح نیوزی لینڈ کو یہ چار رنز نہیں ملے اپنے آخری اوور میں بھی فن اسٹمپس سے ٹکرا گئے۔ ایونٹ کے آغاز پر ہی آئی سی سی کی جانب سے کپتانوں اور کوچز کو بتایا گیا تھا کہ اگر کوئی بولر گیند کرنے کے دوران وکٹوں سے ٹکرایا تو پہلے اس کو وارننگ دی جائے گی جبکہ پھر جتنی مرتبہ وہ یہ حرکت کرے گا ڈلیوری کو ڈیڈ بال قرار دیا جائے گا۔ مگر ہفتے کے میچ میں امپائر وارننگ دینا ہی بھول گئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بولر کی اس حرکت پر ڈیڈ بال کے بجائے نوبال قرار دینا چاہیے۔