پالیسی سازی میں ایف پی سی سی آئی کاکرداراہم ہے طاہررضا نقوی

برآمدات کے فروغ کیلیے فیڈریشن کی مکمل معاونت کی جائیگی،سی ای اوٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی


Business Reporter October 01, 2012
چیف ایگزیکٹیو ٹی ڈی اے پی نے پالیسی سازی میں ایف پی سی سی آئی کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ ڈزائن: جمال خورشید

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو طاہر رضانقوی نے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت(ایف پی سی سی آئی) کے صدرحاجی فضل قادر شیرانی کوفروغ برآمدات کیلیے ایف پی سی سی آئی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ٹی ڈی اے پی کی مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی ہے۔

چیف ایگزیکٹیو ٹی ڈی اے پی نے فیڈریشن ہائوس کادورہ کیا اورایف پی سی سی آئی کے صدر حاجی فضل قادرشیرانی سمیت دیگر سینئر عہدیداروں اور اراکین سے ملاقات کی۔ انھوں نے پالیسی سازی میں ایف پی سی سی آئی کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ انھوںنے ایف پی سی سی آئی کے اراکین کو 7ویں ایکسپو پاکستان نمائش 2012 کی تیاریوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ٹی ڈی اے پی نے اس ایونٹ کو بھرپور طریقے سے منعقد کرنے کیلیے دن رات محنت کی ہے اوریہ نمائش پچھلی تمام نمائشوں سے زیادہ کامیاب اور بھرپور ثابت ہوگی۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر حاجی فضل قادر شیرانی نے نمائش کیلیے کی جانے والی تیاریوں کو سراہتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کی سپورٹ کی فراہمی کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دونوں اداروںکے درمیان روابط کومزید مستحکم کرنے اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کیلیے زیادہ سے زیادہ جگہ بنانے اورتجارتی حکمت عملی کی تیاری میںباہم مشاورت پراتفاق کیاگیا۔