تمام مسلم لیگیوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں پیر پگارا

نیک نیتی سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، قیادت یا عہدے کا لالچ نہیں ،سربراہ فنکشنل لیگ


Staff Reporter October 01, 2012
ہم پیر پگارا کی قیادت میں ان کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں ، چوہدری شجاعت۔ فوٹو: ایکسپریس

حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیر پگارا نے کہا ہے کہ تمام مسلم لیگیوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستان بنانے والی جماعت ہی اس کو آگے لے کر جائے گی ،جبکہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ پیر صاحب پگارا کی قیادت میں ان کے ساتھ چلیں۔ مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شجاعت حسین اور مشاہد حسین سید نے اتوار کو راجا ہائوس میں پیر پگارا سے ملاقات کی اور تمام مسلم لیگیوں کے اتحاد پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں نیشنل پیپلز پارٹی کے سربراہ غلام مرتضی جتوئی بھی موجود تھے۔ چوہدری شجاعت اور مشاہد حسین کو مخاطب کرتے ہوئے پیر پگارا نے کہا کہ وہ جلد تمام مسلم لیگی دھڑوں کو یکجا کرنے میں کامیاب ہوجائینگے۔

انھوں نے کہا کہ نیک نیتی سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، انہیں قیادت یا عہدے کا لالچ نہیں صرف مسلم لیگ کو اکٹھا کرنا چاہتے ہیں، آئندہ اسلام آباد اور لاہور میں بھی بات چیت کرینگے۔ انھوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت سے سندھ اور بلوچستان کی صورتحال پربھی بات ہوئی ہے۔ چوہدری شجاعت اور مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ایک خاندان کی طرح ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پیر پگارا کی قیادت میں ان کے ساتھ چلیں۔ اس موقع پر مرتضی جتوئی نے کہا کہ وہ سندھ میں یکساں بلدیاتی نظام چاہتے ہیں، بلدیاتی نظام کا آرڈیننس واپس لیا جائے یا اس میں ضروری ترامیم کی جائیں۔