سپریم کورٹ میں پاکستان سے علیحدگی کی بات مناسب نہیں نوید قمر

بلوچ عوام کے خدشات ضرور ہیں تاہم انھیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔


Numainda Express October 01, 2012
حکومت گمشدہ افراد کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری رکھے گی،وزیر دفاع۔ فوٹو: فائل

UNITED NATIONS: وزیر دفاع سید نوید قمر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں صرف چھ نکات کا ایشو نہیں بلکہ اس حوالے سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی پٹیشن میں پاکستان سے علیحدگی کی بات کی گئی ہے جوآئین اور قانون کے مطابق مناسب نہیں۔

بلوچ عوام کے خدشات ضرور ہیں تاہم انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، وہ قومی دھارے میں رہ کر جدوجہد کریں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو سائینداد میں پی پی شہید بھٹو کے ضلعی رہنماغلام قادر ملاح سے ان کے بھائی علی اکبر ملاح کی وفات پر تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ نوید قمر کا کہنا تھا کہ بلوچ رہنما نے اسلام آباد میں حکومتی اداروں کے ساتھ بات چیت بھی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خفیہ ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹ کے مطابق گمشدہ افرادا ان کی تحویل میں نہیں ہیں، حکومت ان کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری رکھے گی، بلوچستان سے متعلق کمیٹی کی رپورٹ تیار ہے تاہم وزیراعظم پاکستان اس مسئلے میں بلوچستان حکومت کا موقف بھی لینا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان محمد آصف میمن، سید اعجاز نبی شاہ اور سید شاہد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔