دھابیجی اسٹیشن بجلی کے مرمتی کام کے باعث فراہمی آب متاثر رہے گی

دھابے جی پمپنگ ہاؤس میں 22 پمپوں میں سے 16پمپوں سے شہر میں پانی کی سپلائی9بجے صبح سے 5 بجے شام تک بند رہے گی۔


Staff Reporter December 05, 2014
پانی کی بندش سے بلدیہ، سائٹ، اورنگی، گلبائی، ماڑی پور، ناظم آباد، نارتھ کراچی، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، قیوم آباد، محمود آباد، پی ای سی ایچ ایس اور ڈی ایچ اے کے علاقے متاثر ہونگے۔ فوٹو: فائل

ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچیکے مطابق کے الیکٹرک نے دھابیجی گرڈ اسٹیشن کے ٹرانسفارمر کی ضروری مرمت کیلیے دو روز دھابے جی پمپنگ ہاؤس پر بجلی کی بندش سے آگاہ کیا ہے جس کے مطابق کے الیکٹرک نے اتوار 7 دسمبر کو گرڈاسٹیشن دھابیجی میں ٹرانسفارمر نمبر ون کی مرمت کے سلسلے میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بند رہے گی۔

دھابے جی پمپنگ ہاؤس میں 22 پمپوں میں سے 16پمپوں سے شہر میں پانی کی سپلائی9بجے صبح سے 5 بجے شام تک 8سے 10گھنٹوں کیلیے بند رہے گی، اور کراچی کو 15کروڑ گیلن پانی کم فراہم ہوگا،بندش کے باعث کے بعد اگلے 3دن تک پورے شہر میں پانی کی کمی اور قلت رہے گی، علاوہ ازیں دوسری بار کے الیکٹرک اتوار 14 دسمبر کودھابیجی گرڈ اسٹیشن میں ٹرانسفارمر نمبر 2کی مرمت کے سلسلے میں دھابیجی پمپنگ ہاؤس کی بجلی بند کرے گی جس کی وجہ سے 22پمپوں میں سے 10پمپوں سے پانی کی سپلائی 9بجے صبح سے 5بجے شام تک 8سے 10گھنٹوں کیلیے بند رہے گی اور کراچی کو 14کروڑ گیلن پانی کم فراہم ہوگا۔

اس کے اثرات 3دن تک شہر کے ہر حصے میں رہیں گے اور پورے شہر میں پانی کی قلت رہے گی، ایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کا مناسب ذخیرہ کرلیں،انھوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ شہری پانی کی قلت اور کمی کے دنوں میں واٹربورڈ سے تعاون کریں گے۔

واٹر بورڈ کے ڈی ایم ڈی افتخار احمد نے بتایا کہ کراچی میں پہلے ہی پانی کا شدید بحران ہے جبکہ کے الیکٹرک کی جانب سے اتوارکو دھابیجی گرڈ اسٹیشن کے ٹرانسفارمر کی ضروری مرمت کے لیے دو روزدھابیجی پمپنگ ہاؤس پر بجلی کی بندش سے 3 دن تک پانی کی فراہمی متاثر رہے گی جس کے زیادہ اثرات بلدیہ ٹاؤن، سائٹ، اورنگی ٹاؤن، پاک کالونی، گلبائی، پی اے ایف مسرور، ماری پور، ناظم آباد، نارتھ کراچی وغیرہ پر ہونگے جبکہ کلفٹن، لانڈھی، ملیر، جمشید ٹاؤن، شاہ فیصل کالونی، قیوم آباد، محمود آباد، پی ای سی ایچ ایس، ڈی ایچ اے، پیر کالونی، لیاقت آباد، شریف آباد، گلشن اقبال وغیر ہ کو بھی پانی کی قلت کا سامنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ کراچی میں اس وقت حب ڈیم کے خشک ہونے کے باعث ضلع غربی کے علاقوں کو بھی دھابے جی پمپنگ اسٹیشن سے پانی فراہم کیا جارہا ہے، اس وقت حب ڈیم سے صرف تین ملین گیلن یومیہ جبکہ کینجھر جھیل سے 55 کروڑ گیلن پانی فراہم ہورہا ہے، انھوں نے کہا کہ شہر کی آبادی کے پیش نظر کراچی کی ضرورت 110کروڑ گیلن ہے، اس طرح 50کروڑ گیلن پانی کی قلت کا سامنا ہے، دھابے جی پمپنگ اسٹیشن سے پورے شہر کو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔