آسٹریلیا اور بھارت سیریز کا پہلا ٹیسٹ فل ہیوز کے نام

آنجہانی بیٹسمین کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا، میچ سے قبل خصوصی فلم چلائی جائے گی


Sports Desk December 08, 2014
تمام پلیئرز 63 سیکنڈز کی خاموشی اختیار کرینگے، اخبارات خصوصی ضمیمے شائع کریں گے۔ فوٹو: فائل

بھارت کے خلاف آسٹریلیا کا پہلا ٹیسٹ مکمل طور پر فل ہیوز کے نام ہوگا، آنجہانی بیٹسمین کو مختلف انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جائیگا، تمام کھلاڑیوں کی شرٹس پر ہیوز کی ٹیسٹ کیپ کا نمبر 408 درج ہوگا، میچ شروع ہونے سے قبل خصوصی فلم چلائی جائیگی۔

ایڈیلیڈ میں موجود تمام لوگ ہیوز کے آخری اسکور 63 ناٹ آؤٹ کی مناسبت سے اتنے ہی سیکنڈ خاموش کھڑے ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق فرسٹ کلاس میچ کے دوران سین ایبٹ کے خونی باؤنسر سے فل ہیوز کی المناک موت واقع ہونے کے بعد منگل سے آسٹریلیا میں انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز ہوگا، بھارت کیخلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائیگا اگر ہیوز زندہ ہوتے تو انکے اس میچ کا حصہ بننے کا امکان موجود تھا اب یہ ایک طرح سے ان کی یاد میں کھیلا جارہا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے اس موقع کی مناسبت سے ہیوز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے مختلف اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اسکے تمام کھلاڑی اپنی پلیئنگ شرٹس پر 408 کا ہندسہ درج کرکے میدان میں اترینگے، یہ دراصل ہیوز کی ٹیسٹ کیپ کا نمبر ہے، وہ آسٹریلیا کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے 408 ویں پلیئر تھے۔ اسی طرح میچ کے آغاز کے موقع پر فیلڈ پر ہی درج 408 کے ہندسے کے سامنے آسٹریلیا اور بھارت کے کھلاڑی جمع ہونگے، اس موقع پر گراؤنڈ میں نصب اسکرینز پر ہیوز کے کیریئر کے حوالے سے ایک ویڈیو دکھائی جائیگی جس میں آواز سابق ٹیسٹ کپتان اور معروف کمنٹیٹر رچی بینیو کی ہوگی۔

ویڈیو کے اختتام پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین سمیت تمام افراد کو 63 سیکنڈ تک خاموش کھڑے رہنے کو کہا جائیگا۔ یہ دراصل ہیوز کا آخری اسکور ہے جس پر ان کو گیند لگی تھی۔ مقامی اخبارات کی جانب سے ایک خصوصی ضمیمہ بھی چھاپا جائیگا جسکے اوپر بڑے حروف میں '' فل ہیوز 63 ناٹ آؤٹ'' درج ہوگا، یہ عبارت شائقین میچ کے دوران اپنے ہاتھوں میں اٹھائے ہوئے ہونگے۔