سوبھراج اسپتالبجلی کی لوڈشیڈنگ سے مریضوں کو مشکلات

2جنریٹر ہونے کے باوجود چلائے نہیں گئے،ذرائع،جنریٹر چلاکر بجلی بحال کردی گئی،ایم ایس


Staff Reporter October 02, 2012
2جنریٹر ہونے کے باوجود چلائے نہیں گئے،ذرائع،جنریٹر چلاکر بجلی بحال کردی گئی،ایم ایس۔ فوٹو : فائل

سٹی گورنمنٹ کے ماتحت چلنے والے سوبھراج میٹرنٹی ہوم و اسپتال میں شام کے اوقات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے خواتین مریض اور نوزائیدہ بچوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا جبکہ اسپتال میں موجود2جدید جنریٹر بھی نہیں چلائے گئے۔

سوبھرا ج اسپتال و میڑنٹی ہوم میں شام4بجے سے5بجے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اسپتال میں موجود اور امراض نسواں میں زیر علاج حاملہ خواتین اور نوزائیدہ کو شدید پریشانی ہوئی جبکہ آپریشن تھیٹر میں موجود خواتین مریضاؤںکو تھیٹر سے باہر لے جایا گیا، معلوم ہوا ہے کہ اسپتال میں2جدید جنریٹر ہونے کے باوجود انھیں چلایا نہیں گیا۔

اس حوالے سے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خورشید سے رابطہ کیا گیا جس پر انھوں نے بتایا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے تقریباً20منٹ تک مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد فوری طور پر جنریٹر چلاکر بجلی بحال کردی گئی، انھوں نے کہاکہ اسپتال کے دونوں جنریٹر فعال ہیں اور لوڈ شیڈنگ کے دوران انھیں استعمال کیا جاتا ہے۔