5روزہ عالمی کتب میلہ اختتام پذیر ہزاروں نوجوانوں کی شرکت

ایکسپریس میڈیا گروپ کے اشتراک سے منعقدہ کتب میلے میں سب سے زیادہ رش بچوں کے اسٹال پر دیکھنے میں آیا


Staff Reporter December 23, 2014
عالمی کتب میلے میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ ،عزیز خالد اور دیگر کا ویلکم بک پورٹ کے اسٹال پر گروپ ۔ فوٹو : ایکسپریس

LOS ANGELES: ایکسپریس میڈیا گروپ کے اشتراک سے ایکسپوسینٹر میں لگایا جانے والا 5روزہ عالمی کتب میلہ پیرکو اختتام پذیر ہوگیا،کتب میلے میں سیاسی شخصیات، یونیورسٹیوں اورکالجوں، اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈکے سربراہوں سمیت طلبا وطالبات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

کتب میلہ پاکستان پبلیشرزایند بک سیلرزایسوسی ایشن نے ایکسپریس کے اشتراک سے منعقد کیاتھا ،ایسوسی ایشن کے سربراہ عزیزخالد کے مطابق کتب میلے میں5لاکھ افراد نے شرکت کی اور ثابت کردیاکہ کراچی علم دوستوں کا شہر ہے ، عزیزخالد نے کتب میلے کی کامیابی پر اطمینان کا اظہارکیا اور کہاکہ کتب میلے میں پاکستان سمیت 10ممالک کے پبلشرزنے شرکت کی جس میں عوام کی جانب سے پذیرائی ملی،کتب میلے کے آخری دن پیرکودرجنوں اسکولوں کے بچوں نے میلے کا دورہ کیا اور رات گئے تک کتابوں کی خریداری کی ۔

سب سے زیادہ رش بچوں کے اسٹال پر دیکھنے میں آیا،کتب میلے میں کئی پبلیشرز کی جانب سے اپنی اپنی کتب کی تقریب رونمائی بھی کی، تمام پبلشرز نے عالمی کتب میلے کے انعقادکو سراہا اور پاکستان پبلیشرزایند بک سیلرزایسوسی ایشن کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات ان کو خراج تحسین پیش کیا ، چیئرمین عزیز خالد نے ایکسپریس میڈیا گروپ سمیت تمام پبلیشرزکا شکریہ ادا کیا جن کے اشتراک سے یہ کتب میلہ اپنی ایک پہنچان بناچکا ہے۔

انھوں نے اپنی ٹیم کے ارکان کی کاوشوں کوبھی سراہااورامید ظاہرکی کہ اس کتب میلے سے عام انسان کی کتاب سے دوستی بڑھ جائیگی علم ہی کسی بھی اندھیرے کومٹانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے،کراچی ایکسپوسینٹر میں لگائے جانے والے کتب میلے کیا ،آخری دن حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرفاروق ستار،سردار احمد،خواجہ اظہار الحسن، اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر ظفراقبال، سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خاں ایڈوکیٹ سمیت دیگر نے دورہ کیا،عالمی کتب میلے کے اختتام پر چیئرمین عزیز خالد نے بتایا آئندہ سال 2015میں 11واں کتب میلہ یکم دسمبر کو ایکسپو سینٹر میں منعقد کیاجائیگا۔