اسٹاک مارکیٹ میں تیزی 32000 کی نفسیاتی حد بحال

انڈیکس 249 پوائنٹس بڑھ گیا، 385 کمپنیوں میں سے 167 کے داموں میں اضافہ،187 کے کم


Business Reporter December 25, 2014
انڈیکس 249 پوائنٹس بڑھ گیا، 385 کمپنیوں میں سے 167 کے داموں میں اضافہ،187 کے کم۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

MADRID: غیرملکیوں کے ساتھ انسٹی ٹیوشنز کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری دلچسپی اور لسٹڈ کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج کے توقعات پردیگر شعبوں کی بینکنگ ودیگر مخصوص اسٹاکس میں خریداری بڑھنے سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی 32000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوگئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کی مندی میں مستحکم کمپنیوں کے حصص کی ہونے والی کم قیمتیں سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ثابت ہورہی ہیں اور وہ ان کمپنیوں کے حصص اچھے مالیاتی نتائج کی توقعات پر خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں۔ بدھ کو یوبی ایل، ایم سی بی بینک کے علاوہ پاک آئل فیلڈ ودیگر کمپنیوں کے حصص میں بڑھتی ہوئی خریداری دلچسپی نے مارکیٹ کے گراف کو مزید بلند کیا۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر66 لاکھ 89 ہزار647 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل قائم رہا کیونکہ اس دوران بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے47 لاکھ 65 ہزار 406 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے10 لاکھ 99 ہزار70 ڈالراور این بی ایف سیز کی جانب سے8 لاکھ 25 ہزار 171 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 249.63 پوائنٹس کے اضافے سے32000.01 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 187.86 پوائنٹس کے اضافے سے20830.07 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 136.14 پوائنٹس کے اضافے سے 50878.13 ہوگیا۔

کاروباری حجم منگل کی نسبت 7.57فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر26 کروڑ25 لاکھ 33 ہزار510 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار385 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 167 کے بھاؤ میں اضافہ 187 کے داموں میں کمی اور31 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں یونی لیورفوڈز کے بھاؤ385 روپے بڑھکر8880 روپے اور رفحان میظ کے بھاؤ317.58 روپے بڑھکر10317.58 روپے ہوگئے جبکہ فضل ٹیکسٹائل کے بھاؤ 31.68 روپے کم ہوکر 665.33 روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ30 روپے کم ہوکر3520 روپے ہوگئے۔