لانڈھی کورنگی زو میں مچھلی گھر شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا

منصوبہ20سال تک التواکا شکار رہا، زو میں نئے جانوروں کی آمد سے شہری خوش۔


Staff Reporter October 03, 2012
منصوبہ20سال تک التواکا شکار رہا، زو میں نئے جانوروں کی آمد سے شہری خوش۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

لاہور: بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے لانڈھی کورنگی زو میں نئے جانوروں کی آمد اور مچھلی گھر کے اضافے سے کراچی کے مضافات میں رہنے والے لاکھوں شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

20سال سے التوا کا شکار فش ایکوریم کی حالیہ دنوں تعمیر مکمل ہوئی جس کے بعد یہاں شہریوں کی آمد میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے تاہم شہریوں کو شیر کی عدم موجودگی اور دیگر جانوروں کی تعداد میں کمی کی شکایت ہے، تفصیلات کے مطابق 2007میں ایکوریم کی تعمیر مکمل کرلی گئی لیکن بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کو ایکوریم کے دیدار نصیب نہ ہوسکے،5سال یہ منصوبہ مزید تاخیر کا شکار رہا، بعدازاں ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے خصوصی دلچسپی سے عمارت کے لیے بجلی کی فراہمی کا بندوبست کیا گیا اور45اقسام کی مختلف رنگ برنگی خوبصورت مقامی اور غیرممالک سے درآمد کردہ مچھلیاں منگواکر ایکوریم کی زینت بنائی گئیں۔

ڈائریکٹر زو بشیر خان سدوزئی نے بتایا کہ لانڈھی کورنگی زو کا فش ایکوریم سرکاری سطح کا سب سے بڑا ایکوریم ہے جہاں میٹھے پانی کی ایک ہزار سے زائد مچھلیاں ڈالی گئی ہیں، ان میں بیشتر مچھلیاں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھتی ہیںجبکہ شہریوں کے پرزور اصرار پر لانڈھی کورنگی زو میں عیدالاضحیٰ سے قبل ایک عدد بنگال ٹائیگر کراچی زو سے منتقل کیا جائے گا۔