اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے جارج کلیمنٹ

احساس محرومی دور کرنے کیلیے مساوی حقوق دیے جائیں، حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو


Numainda Express October 03, 2012
احساس محرومی دور کرنے کیلیے مساوی حقوق دیے جائیں، حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو. فوٹو: فیضان داود

پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کیلیے سیاسی جماعتوں کی حمایت کے حصول اور لابنگ کیلیے بنائی گئی نیشنل لابنگ گروپ فار منیارٹی میں شامل اقلیتی نمائندوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں رہنے والی اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کر کے برابری کے حقوق دیے جائیں۔

ان میں پایا جانے والا احساس محرومی ختم کیا جائے۔ حیدرآباد پریس کلب میں کلیان سنگھ، اشو تھاما و دیگر کے ہمراہ صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے نیشنل لابنگ کے رکن و سابق رکن قومی اسمبلی جارج کلیمنٹ نے کہا کہ اقلیتوں کو مکمل شہری تو دور کی بات نیم شہری کے حقوق بھی حاصل نہیں اور وہ برابری کے حقوق نہ ملنے کے باعث احساس محرومی کا شکار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں اقلیتیوں کی کوئی سیاسی جماعت اور سوشل فورم نہیں۔

جبکہ بڑی سیاسی جماعتیں اقلیتوں سے صلاح مشورہ کرنے کے بجائے پیسے کے عوض اقلیتی نمائندے منتخب کرتی ہیں، جسکی وجہ سے وہ اقلیتوں کے مسائل کے حوالے سے بات نہیں کر پاتے ہیں۔ پاکستان میں اقلیتوں کے30 لاکھ 16 ہزار سے زائد ووٹ ہیں، لیکن انہیں اپنے ووٹ کا صحیح استعمال نہیں کرنے دیا جاتا۔