مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا سیلاب متاثرین پر وحشیانہ تشدد

متاثرین ریلیف کی عدم دستیابی پر احتجاج کر رہے تھے، فورسز کا مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے لاٹھی چارج


APP January 02, 2015
کیموہ کے علاقے کھڈونی میں کشمیریوں کا بجلی کی عدم فراہمی پر ہڑتال،4 دن کے دوران 2 گھنٹوں کیلیے بھی بجلی فراہم نہیں کی گئی، مظاہرین۔ فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے پر امن مظاہرے پر بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع اسلام آباد کے علاقوں ارن ہال، بٹنگواورکانجی گندکے سیلاب متاثرین نے امداد اور ریلیف کی عدم دستیابی کیخلاف سری نگرجموں ہائی وے پر احتجاجی دھرنا دیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت کئی گھنٹوں تک معطل رہی، مظاہرین کٹھ پتلی انتظامیہ سے امداد اور ریلیف کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب ان کا سب کچھ بہا کر لے گیا ہے، بھارتی پولیس نے پر امن مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ادھر کو لگام میں کیموہ کے علاقے کھڈونی میں کشمیریوں نے بجلی کی عدم دستیابی کیخلاف ہڑتال کی، مظاہرین اسلام آباد شاہراہ پر جمع ہو گئے اور کٹھ پتلی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 دن کے دوران انھیں2 گھنٹوں کیلئے بھی بجلی فراہم نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے انھیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، مظاہرے کی وجہ سے شاہراہ پرگاڑیوں کی آمد ورفت کافی دیر تک معطل رہی۔