فراہمی آب KIV اور نکاسی آب SIII منصوبے کا آغاز جلد ہو گا گورنر سندھ

یوایس ایڈ پروگرام کی فنی معاونت مددگار ثابت ہوگی، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد


Staff Reporter October 04, 2012
یو ایس ایڈ کے تحت واٹر بورڈ کے فراہمی آب کے پمپنگ اسٹیشنوں کی استعداد بڑھانے کے لیے نصب کی جانے والی مشینیں۔ فوٹو :ایکسپریس

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی میں فراہمی آب کے منصوبے K-IV اور نکاسی آب کے منصوبےS-III کا آغاز بہت جلد کردیا جائے گا ۔

صدر پاکستان آصف علی زرداری اور ایم کیو ایم کے قا ئد الطاف حسین کی رہنمائی میں عوام کے دیرینہ مسائل کے خاتمے کے لیے ترجیحی بنیاد پر اقدامات کیے جارہے ہیں،ان خیالات کا اظہار انھوں نے US AID کے پروگرام کے تحت کراچی واٹر اینڈ واٹر اینڈ سیورج بورڈ کے فراہمی آب کے پمپنگ اسٹیشنوں کی استعداد بڑھانے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں امریکی قونصل جنرل ما ئیکل ڈوڈمین، وزیر بلدیات آغاز سراج درانی، صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی رضا ہارون ، اراکین سندھ اسمبلی سید خالد احمد ، سید منظر امام ، پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم ،کمشنرروشن علی شیخ اور یوایس ایڈ پروگرام کے افسران بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شہریوں کے لیے فراہمی و نکاسی آب کا اہم فریضہ انجام دے رہا ہے ، اس ادارے کے تحت دنیا کا سب سے بڑا پمپنگ اسٹیشن دھابیجی میں واقع ہے جہاں پانی پمپ کرنے کیلیے 25 میگا واٹ بجلی یومیہ درکار ہے اس کے عوض واٹر بورڈ کے ای ایس سی کو بھاری رقم ادا کرتا ہے ۔