’’پیروں‘‘ کے مشوروں پربھی ون ڈے شرٹ نمبر کا انتخاب

عمر اکمل نے قسمت بدلنے کیلئے96 کی جگہ نمبر 3 اپنا لیا


Saleem Khaliq January 17, 2015
حارث سہیل اب 89 نمبر کی شرٹ پہنیں گے۔ فوٹو : ایکسپریس

ISLAMABAD: کرکٹرز کی شرٹ پر درج نمبرزکے حوالے سے دلچسپ معلومات سامنے آئی ہیں، بہت سے کھلاڑیوں نے اپنے ''پیروں''کے مشوروں پر بھی پسند کے نمبر منتخب کیے، مسلسل ناکامیوں کے شکار عمر اکمل نے قسمت بدلنے کیلیے96 سے پیچھا چھڑا کر نمبر تین اپنا لیا، حارث سہیل بھی اب 89 نمبر کی شرٹ پہنیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران پلیئرزکی شرٹس پر نام و نمبر درج ہوتے ہیں، ان کا انتخاب کھلاڑی خود ہی کرتے ہیں، ایک بار کسی کو نمبر الاٹ ہو جائے تو عموماً تبدیل نہیں کیا جاتا، البتہ خصوصی کیسز میں ایسا ممکن ہے، جیسے سابق کپتان انضمام الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی شرٹ کا نمبر8پانے کیلیے محمد حفیظ نے درخواست کی جسے قبول کر لیا گیا، نوجوان بیٹسمین عمر اکمل ان دنوں مسلسل ناکامیوں کا شکار ہیں،قسمت بدلنے کیلیے انھوں نے بھی96 سے پیچھا چھڑا کر نمبر 3اپنا لیا، انھوں نے اس کے ساتھ اپنی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھی جاری کی ہے۔

اسی طرح حارث سہیل یو اے ای میں نیوزی لینڈ کیخلاف80 نمبر کی شرٹ پہن کر ایکشن میں نظر آئے، مگر ورلڈکپ میں انھیں89 واں نمبر ملا ہے، ذرائع نے یہ دلچسپ انکشاف کیا کہ بعض کھلاڑی اپنے ''پیروں'' سے مشورے کے بعد بھی شرٹ نمبر منتخب کرتے ہیں،بولرز کو بعد کے نمبرز پسند ہیں، جیسے وہاب ریاض47، محمد عرفان 76،یاسر شاہ86، احسان عادل91 اور جنید خان83 نمبر کی شرٹ پہنیں گے۔

ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل پلیئرز کی شرٹ پر یہ درج ہوگا، احمد شہزاد 19، محمد حفیظ 8، عمر اکمل 3، وہاب 47، عرفان 76، شاہد آفریدی 10، یاسر شاہ 86، احسان عادل 91، یونس خان 75 ، حارث سہیل 89، جنید خان 83، صہیب مقصود 92، سرفراز احمد 54، مصباح الحق 22 اور سہیل خان 14۔