مسلم دشمن بی جے پی کا ایک بار پھر ایودھیا میں رام مندر بنانے کا اعلان

تعمیر2016میں شروع ہوگی، بابری مسجد کی جگہ مندر بنانے کیلیے پارلیمان میں ووٹنگ ضروری نہیں، بی جے پی رہنما


APP January 19, 2015
آخر ہم کتنا انتظار کریں، رام مندر کی تعمیر کا وعدہ پوراکریں گے، سبرامینیم سوامی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ایک بار پھر ایودھیا میں شہید بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2016 میں رام مندر کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کے سینئر رہنما سبرامینیم سوامی نے کا کہنا تھا ان کی جماعت ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے اپنے منصوبے اور وعدوں کو عملی جامہ پہنائے گی اور 2016 میں رام مندر کی تعمیر کا کام شروع ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مندر کی تعمیر کے ضمن میں ان سے 2016 تک وقت مانگا ہے۔

انتہا پسند ہندو جماعت کے رہنما نے کہا کہ مندر کی تعمیر کے لیے پارلیمان میں ووٹنگ کی ضرورت نہیں، اس کے لیے صرف صدر کی جانب سے ایک پریس ریلیز بھی کافی ہے اور یہ پریس ریلیز کابینہ تیار کر سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ برسوں سے ہم مندر کی تعمیر کا انتظار کر رہے ہیں آخر ہم کتنا انتظار کریں گے۔

واضح رہے کہ انتہا پسند ہندوں نے ریاست اتر پردیش کے علاقے ایودھیا میں 6 دسمبر 1992 کو تاریخی اہمیت کی حامل بابری مسجد کو شہید کردیا تھا جس کے بعد بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات کا لامتناہی سلسلہ شروع ہوا۔