سوشل سائٹس استعمال کرنے پر جرمانے پلیئرز کے منتظر

یہ فارغ لوگوں کے کام ہیں،ورلڈکپ میں صرف کھیل پرتوجہ رکھنی ہوگی، ٹیم منیجر


Saleem Khaliq January 21, 2015
میگاایونٹ میں فیملیزبھی ساتھ نہیں رہ سکتیں،کیویز سے سیریزکے دوران اجازت ہو گی ۔ فوٹو : فائل

ورلڈکپ میں سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس استعمال کرنے پر جرمانے پلیئرز کے منتظر ہونگے۔

منیجر نوید اکرم چیمہ کے مطابق یہ فارغ لوگوں کے کام ہیں، آسٹریلیا و نیوزی لینڈ میں قیام کے دوران پلیئرز کو صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ میگا ایونٹ میں کرکٹرز کی فیملیز بھی ساتھ نہیں رہ سکتیں، البتہ کیویز سے سیریزکے دوران اجازت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق کئی پاکستانی کرکٹرز فیس بک اور ٹویٹر سمیت سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر خاصے متحرک رہتے ہیں، البتہ ورلڈکپ کے دوران انھیں اس کی اجازت نہ ہوگی، حکم عدولی پر جرمانے عائد کردیے جائینگے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل سائٹس فارغ لوگ استعمال کرتے ہیں،آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں پلیئرز کے پاس فراغت کے زیادہ لمحات نہیں ہونگے، وہاں انھیں ہر وقت اپنے کھیل پر توجہ دینا ہوگی، ورلڈکپ جیت کر وطن واپس آئیں پھر جتنا مرضی سوشل سائٹس استعمال کریں۔ ایک سوال پر نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ میگا ایونٹ کے دوران کھلاڑی اہل خانہ کو ساتھ نہیں رکھ سکیں گے۔

ہم نہیں چاہتے کہ کسی بھی وجہ سے ان کی توجہ بٹے، البتہ نیوزی لینڈ سے دونوں ون ڈے میچز کے دوران انھیں فیملیز ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔ قومی ٹیم کے منیجر نے کہا کہ میں کسی پرکوئی سختی نہیں کروں گا تمام پلیئرز سمجھدار اور انھیں اپنے فرائض کا بخوبی علم ہے، البتہ ڈسپلن کی کوئی بھی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی، انھوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ٹیم ورلڈکپ میں اچھے نتائج دے گی، یہ ایونٹ چار سال میں ایک بار آتا ہے، ہر بار کی طرح اب بھی عوامی توقعات بلندیوں کو چھو رہی ہیں ،پلیئرز کو بھی اس کا احساس اور وہ عمدہ کھیل کیلیے بے چین ہیں۔