محکمہ پبلک ورکس کی غفلت پاکسان سیکریٹریٹ زبوں حالی کا شکار

وفاقی حکومت کی عدم توجہی کے سبب اس ادارے کے افسران اور عملے نے بھی اپنے کام پر توجہ ہٹادی ہے


Staff Reporter February 01, 2015
دفاتر کے ارد گرد بھی صفائی کے ناقص انتظامات ہیں ،کئی کئی روز تک کچرا پڑا رہتا ہے اور پاک پی ڈبلیو ڈی کا عملہ اپنی مرضی سے کچرا اٹھاتا ہے، ملازمین فوٹو: فائل

وفاقی حکومت کے ادارے پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کی غفلت اور لاپروائی کے سبب کراچی میں وفاقی اداروں کا مرکز '' پاکستان سیکریٹریٹ '' زبوں حالی کا شکار ہے ،سیکرٹریٹ میں صفائی کے نا قص انتظامات کے سبب نہ صرف جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں بلکہ سیکریٹریٹ میں واقع دفاتر بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں واقع پاکستان سیکرٹریٹ میں وفاقی حکومت کے مختلف ادارے واقع ہیں ، جن میں پاک پی ڈبلیو ڈی ، اسٹیٹ آفس کراچی ، ریجنل الیکشن کمیشن آفس کراچی ، محکمہ اسٹیشنریز ، وفاقی محتسب اور دیگر شامل ہیں جبکہ اسی احاطے میں ڈی جی ایکسائز ، محکمہ فشریز سمیت سندھ حکومت کے بھی مختلف دفاتر موجود ہیں، پاکستان سیکرٹریٹ کے احاطے میں واقع عمارتوں اور دفاتر کی صفائی اور مرمت کی ذمہ داری پاک پی ڈبلیو ڈی کی ہے تاہم یہ ادارہ گذشتہ کئی سالوں کی طرح زوال پذیری کا شکار ہے ،وفاقی حکومت کی اس اہم ترین ادارے پر توجہ نہ ہونے کے برابر ہے ۔

وفاقی حکومت کی عدم توجہی کے سبب اس ادارے کے افسران اور عملے نے بھی اپنے کام پر توجہ ہٹادی ہے ،جس کی وجہ سے اسٹیٹ آفس کراچی ، محکمہ اسٹیشنریز سمیت کئی وفاقی سرکاری دفاتر کی گذشتہ تین سے پانچ برسوں میں مرمت نہیں کی گئی ہے ، یہ دفاتر برسوں قبل تعمیر کیے گئے تھے اور مرمت نہ ہونے کے باعث ان دفاتر کی چھتیں اور دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہیں، اور پاک پی ڈبلیو ڈی کے عملے نے ان دفاتر کے بڑے مرمتی کاموں کے ساتھ ساتھ اب چھوٹے مرمتی کاموں کو کرنا بھی تقریباً بند کر دیا ہے ، ان دفاتر کے ملازمین کا کہنا ہے کہ پاکستان سیکرٹریٹ کے احاطے کی مرکزی شاہراہ سمیت ذیلی گلیوں کی مرمت بھی کئی عرصے نہیں کی گئی ہیں ،اس لیے یہ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور جگہ جگہ ان پر گڑھے پڑگئے ہیں۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ دفاتر کے ارد گرد بھی صفائی کے ناقص انتظامات ہیں ،کئی کئی روز تک کچرا پڑا رہتا ہے اور پاک پی ڈبلیو ڈی کا عملہ اپنی مرضی سے کچرا اٹھاتا ہے جبکہ دفاتر میں پانی کی قلت کی بھی شکایات بہت زیادہ ہے ،ملازمین کا کہنا ہے کہ صفائی اور مرمتی کاموں کا ذمہ داری پاک پی ڈبلیو ڈی کا عملہ اکثر اپنی ڈیوٹیوں سے غائب رہتا ہے اور صرف اعلیٰ افسران کے دفاتر یا سرکاری رہائشی یونٹس کی مرمت اور صفائی کی جاتی ہے، پاک پی ڈبلیو ڈی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ پانچ برسوں سے ادارے کیلیے مختص فنڈز میں کٹوتی کی جا رہی ہے ، جس کی وجہ سے مرمتی کام التوا کا شکار ہیں ، وفاقی حکومت جیسے جیسے فنڈز کا اجرا کرتی ہے ، انہیں فنڈز کو مد نظر رکھتے ہوئے مرمتی کام کرائے جاتے ہیں۔