گٹکا مین پوری اور شیشہ کے خلاف مہم شروع کریں گے کمشنرکراچی

ضلعی انتظامیہ شہریوں میں قانو ن پر عملدر آمد کا رحجان پیدا کرنے میں اپنا کر دار ادا کریں،کمشنر کراچی


Staff Reporter February 01, 2015
ضلعی انتظامیہ شہریوں میں قانو ن پر عملدر آمد کا رحجان پیدا کرنے میں اپنا کر دار ادا کریں،کمشنر کراچی۔ فوٹو: فائل

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ شہر میں ٹریفک قوانین کے نفاذ، گٹکا ومین پوری ، شیشہ اور وال چاکنگ کے خلاف مہم جلد شروع کی جائے گی،نجی گاڑیوں میں ایمرجنسی لائٹس اور سائرن استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔

تمام اقدامات کی رپورٹ ہر ہفتہ کمشنر کراچی کو پیش کی جا ئے گی، یہ فیصلے کمشنر کراچی کی زیر صدارت ضلعی ڈپٹی کمشنرز کے اجلاس میں کیے گئے، کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں میں قانو ن پر عملدر آمد کا رحجان پیدا کرنے میں اپنا کر دار ادا کریں،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گٹکا و مین پوری کی فروخت اور شیشہ کے استعما ل کی روک تھام کی کوششوں کو مو ثر بنا یا جا ئے گا،تمام اضلا ع میں اس سلسلہ میں مربوط منصوبہ بندی کے ساتھ کو ششیں کی جائیں گی اور مہم شروع کی جا ئے گی۔دیواروں پر پبلسٹی کر نے والی کمپنیوں اور اداروں کے خلاف کارروائی کی جا ئے گی ۔

انھیں تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے دفاتر میں طلب کریں گے اور ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی جرمانہ عائد کیا جا ئے گا،ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے سلسلہ میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کیلیے جلد ٹریفک پولیس کے تعاون و اشتراک سے مہم شروع کریں گے،اجلاس میںفیصلہ کیا گیا کہ نجی گاڑیوں میں ایمرجنسی لائٹس اور سائرن استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا ئے گی اور ایسے ڈرائیوروں کو گرفتا ر کرلیا جائے گا،تیز رفتاری اور ٹریفک کے اشاروں کی خلاف ورزی کا بڑھتا ہو ا رحجان ختم کر نے کے لیے مسلسل کو شش کی جا ئے گی۔