مختلف علاقوں سے7 ٹارگٹ کلرز سمیت9 ملزمان گرفتار

گینگ وار کے 3 ملزمان تفتیش کیلیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دئے گئے


Staff Reporter October 05, 2012
سعید آباد سے گرفتار4 ملزمان نے 12افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا،ایس آئی یو پولیس۔ فوٹو: فائل

لیاری کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 3ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے 4 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ سرجانی اور نیپئر پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا،تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے بغدادی ، نیا آباد اور کھڈا مارکیٹ سمیت ملحقہ علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے 3 ملزمان کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا، بعدازاں تفتیش کے لیے تینوں ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے جانے والوں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے اور وہ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں ،اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے سعید آباد میں کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان زاہد علی ، شاہنواز، نادر حسین اور محمد سعید کو گرفتار کر کے 4پستول برآمد کرلیے،ایس آئی یو پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور انھوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران 7 وارداتوں میں 12افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا جس میں ایک مذہبی سیاسی جماعت کارکن فرحان ، سابق کونسلر سعید آباد مجید بٹ کے بیٹے شفیق اور لینڈ مافیا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں،نیپئر پولیس نے لی مارکیٹ کے قریب مقابلے کے بعد لوٹ مار کرنے والے ملزم حیدر شاہ کو گرفتار کرکے پستول اورمسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی،سرجانی ٹاؤن پولیس نے ملزم ضمیر کومقابلے کے بعد گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔