شاہ فیصل اورنگی نیوکراچی ٹائونز کے چیف آفیسر نے چارج سنبھال لیا

عوامی مسائل کے حل کیلیے بلاتفریق فرائض انجام دینگے، کمال مصطفی


Staff Reporter October 05, 2012
سندھ پیپلز لوکل گورنمنٹ آرڈننس 2012 کے تحت آفاق سعید نے نیوکراچی میونسپل ایڈمنسٹریشن کے چیف آفیسر کی ذمے داریاں سنبھال لیں. فوٹو: فائل

حکومت سندھ کے احکامات پر نئے بلدیاتی نظام کے تحت ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل ٹائون کے چیف آفیسر کمال مصطفی نے چارج سنبھال لیا۔

اس موقع پر انھوں نے ٹائون کے افسران سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ باہمی ٹیم ورک کے ساتھ علاقائی ترقی اور عوام کو مسائل سے پاک معاشرے کی فراہمی کو ممکن بنایا جائیگا، انھوں نے افسران و عملے کو ہدایت کی ہے کہ ترقی کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے بلاتفریق عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنے فرائض انجام دیں،دریں اثنا اراکین سندھ اسمبلی منظر امام ، سیف الدین خالد نے چیف آفیسر اورنگی ٹاؤن قمر شیخ کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں رہائش پذیر افراد امید کرتے ہیں کہ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلیے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

علاوہ ازیں سندھ پیپلز لوکل گورنمنٹ آرڈننس 2012 کے تحت آفاق سعید نے نیوکراچی میونسپل ایڈمنسٹریشن کے چیف آفیسر کی ذمے داریاں سنبھال لیں، ٹائون کے افسران و عملے کے ساتھ تعارفی ملاقات میں انھوں نے کہا کہ عوامی خدمات کے ادارے افسران و کارکنان کے باہمی تعاون سے ہی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں، انھوں نے افسران و کارکنان کو ہدایت کی کہ عوام کے مسائل حل کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے، انھوں نے یہ بھی ہدایت جاری کی کہ افسران اپنے اپنے محکموں کی تمام تر تفصیلات فوری طور پر ایڈمنسٹریشن آفس میں جمع کرادیں۔