کارکردگی پر اظہارِ اطمینان حفیظ نے قوم کے زخموں پر نمک چھڑک دیا

ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتے تھے بدقسمتی سے میچ ہار کر مقصد میں ناکام ہو گئے، کپتان


Sports Desk October 05, 2012
سیمی فائنل میں ہماری پوزیشن بہتر تھی لیکن مڈل آرڈر بیٹنگ کے تباہ ہونے سے بازی ہاتھ سے نکل گئی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

سری لنکا سے ٹی 20 ورلڈکپ سیمی فائنل میںشکست کے باوجود ٹیم کی کارکردگی پر پاکستانی کپتان محمد حفیظ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اس نے مایوس پاکستانی قوم کے زخموں پر نمک چھڑک دیا، پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ ایونٹ میں ہم نے عمدہ کھیل پیش کیا، بہت سے شائقین ہمیں سپورٹ کرنے سری لنکا آئے جن کا میں شکرگزار ہوں، ہم قوم کیلیے کچھ کرنا چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے میچ ہار کر مقصد میں ناکام ہو گئے، انھوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں نے فتح کیلیے 100 فیصد کوشش کی،ناصر جمشید اور رضا حسن نے اچھا پرفارم کیا، سیمی فائنل میں ہماری پوزیشن بہتر لیکن مڈل آرڈر بیٹنگ کے تباہ ہونے سے بازی ہاتھ سے نکل گئی۔

انھوں نے شاہدآفریدی کی مایوس کن کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے خاصی محنت کی مگر فارم نے ساتھ نہ دیا۔ سری لنکن کپتان مہیلا جے وردنے نے کہا کہ ہمارے لیے فتح بہت خوش آئند ہے،میں بھرپور حمایت کرنے پر مداحوں کا ممنون ہوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے لیے دانا جایا کو نہ کھلانا مشکل فیصلہ تھا لیکن صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا، ہم جانتے تھے کہ پاکستانی ٹیم کیلیے لیفٹ آرم اسپن بولنگ کا سامنا کرنا مشکل ہوتا ہے اور اسی مناسبت سے حکمت عملی طے کی، ہیراتھ کو کھلانے کا جوا کامیاب ہونے پر خوش ہوں،جے وردنے نے کہا کہ میچ سے قبل ہمیں پچ کے رویے کاعلم نہیں تھا اور بیٹنگ کے بعد بھی مجموعے کو قابل رسائی محسوس کررہے تھے،فیلڈنگ میں بھی ہم سے کچھ غلطیاں ہوئیں لیکن خوش قسمتی سے ان کی قیمت ادا نہ کرنا پڑی اور فتح ہمارے نام رہی۔

مقبول خبریں