جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے سراج الحق

کرپٹ قیادت اور اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے بغیر ملک و قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی


Staff Reporter October 05, 2012
کرپٹ قیادت اور اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے بغیر ملک و قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی ، فوٹو : پی پی آئی، فائل

جماعت اسلامی کے نائب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک دعوتی، انقلابی اور اقامت دین کی تحریک ہے۔

جب تک اس ملک سے کرپٹ قیادت، فرسودہ، سرمایہ دارانہ و جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ اور اسلام کے عادلانہ نظام کا نفاذ نہیں ہوگا، اس وقت تک اس ملک و قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی ہے، جماعت اسلامی اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے نفاذ کیلیے کوشاں ہے، عوام آئندہ انتخابات میں کرپٹ و غیروں کے غلام ٹولے کو مسترد کرکے اہل و دیانتدار قیادت کو منتخب کرکے آئندہ نسل اور ملک کے مستقبل کو محفوظ بنائیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوبائی دفتر کے دورے اور قبا آڈیٹوریم میں ایک نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسداللہ بھٹو اور دیگر بھی موجود تھے، سراج الحق نے مزید کہا کہ کشمیر میں زلزلہ،2010میں سیلاب اور حالیہ قیامت خیز طوفانی بارشوں کے موقع پر جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کی سرگرمیاں قابل تحسین ہیں، عوام نے آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی کی بے لوث خدمت سے سرشار اور دیانتدار امیدواروں کو ووٹ دیکر منتخب کیا تو اسی جذبے کے تحت عوام کی خدمت اور مسائل کو حل کیا جائیگا۔