مرجھائے چہرے لیے گرین شرٹس کے کرائسٹ چرچ میں ڈیرے

پلیئرز تاحال بھارت سے شکست کا غم نہیں بھلا سکے


Sports Desk February 17, 2015
ٹیم نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ پہنچی تو سب کے چہروں پر افسوس نمایاں تھا. فوٹو : اے ایف پی

مرجھائے چہرے لیے گرین شرٹس نے کرائسٹ چرچ میں ڈیرے ڈال دیے۔

تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کا پہلا مقابلہ اتوار کو بھارت سے ہوا جس میں بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اس کا کھلاڑیوں نے بھی خاصا اثر لیا ہے، گذشتہ روز جب ٹیم نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ پہنچی تو سب کے چہروں پر افسوس نمایاں تھا، 6 گھنٹے طویل سفر کے بعد کھلاڑیوں نے آرام کو ترجیح دی۔

منگل کو پہلا پریکٹس سیشن شیڈول ہے، اگلے روز ٹیم ایک تقریب میں بھی شرکت کرے گی، ویسٹ انڈیز سے دوسرا میچ ہفتے کو شیڈول ہے، اس دوران4روز تک نیٹ پریکٹس کر کے پلیئرز کو خامیاں دور کرنے کا اچھا موقع مل جائے گا، پہلے میچ میں سرفراز احمد کو ڈراپ کر کے عمر اکمل سے وکٹ کیپنگ کرائی گئی تھی اب اس غلطی کو دہرانے سے گریز کیا جائے گا، سرفراز کیلیے صہیب مقصود کو جگہ خالی کرنا پڑے گی، البتہ بعض حلقے آؤٹ آف فارم یونس خان کو ڈراپ کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں، مگر اس پر عمل کرنا ٹیم مینجمنٹ کیلیے آسان ثابت نہ ہوگا۔