پاکستان جرمنی سے اسلحہ فیکٹریز کیلیے ٹیکنالوجی لینے کا خواہاں

جرمنی کی مدد سے ہماری دفاعی صنعت ترقی کرسکتی ہے، وزیردفاع کی جرمن سفیر سے گفتگو


Numainda Express February 18, 2015
دہشت گردی کیخلاف پاکستانی عوام اور فورسز کی قربانیاں گراں قدر ہیں، جرمن سفیر۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے جرمنی سے اپنی اسلحہ سازفیکٹریوں کیلیے مشینری، ٹیکنالوجی اورخام مال کے حصول میں دلچسپی ظاہرکی ہے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ پاکستان کی دفاعی صنعت ترقی کررہی ہے اورجرمنی کی جانب سے معاونت کے نتیجے میں ترقی کایہ سفر تیز ہوسکتا ہے۔ وہ منگل کو وفاقی دارالحکومت میں جرمن سفیرسیرل نن اور ڈیفنس اتاشی کارسٹن کلیک سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔

اس موقع پرجرمن سفیر نے کہاکہ پاکستان کواس وقت دہشت گردی اور انتہا پسندی کے حوالے سے سخت صورتحال کاسامنا ہے تاہم ہمارا ملک پاک فوج کی جانب سے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے اٹھائے جانےوالے اقدامات کو سراہتاہے۔ پاکستانی عوام اورقانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے اس جنگ میں دی جانےوالی قربانیاں گرانقدر ہیں، ملاقات میں مشترکہ فوجی تربیت،دفاعی تعاون کے علاوہ مشترکہ اسلحہ سازی جیسے اہم معاملات کوبھی زیر غور لایا گیا۔