مظفر گڑھ کے بے اولاد جوڑے نے پیر کے کہنے پر بچی زندہ دفن کردی

جتوئی کے مولوی عبدالرزاق نے زہرہ کا جنازہ پڑھا، 2 گھنٹے بعد قبر سے نکال لیا


Numainda Express February 19, 2015
زندہ درگورکے جانے والی بچی کو کفن بھی پہنایا گیا فوٹو: فائل

مظفر گڑھ کے علاقے جتوئی میں بے اولاد جوڑے نے ڈبہ پیر کے مشورے پر 6 سالہ لے پالک بیٹی کا جنازہ پڑھ کر 2 گھنٹے کے لئے زندہ دفن کردیا' پولیس نے ڈبہ پیر کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق موضع بستی عارف میں محمد اکرم اور اس کی بیوی فرحت نے قریبی رشتہ دار محمد اعجاز کی 6 سالہ بیٹی زہرہ بی بی پالنے کے لئے اپنے پاس رکھی ہوئی تھی۔کچھ روز پہلے زہرہ بی بی نے اپنے حقیقی والدین کو بتایا کہ ڈبہ پیر خالد کے مشورے سے محمد اکرم مجھے ہڈیوں کے پانی اور مختلف خوشبوئوں سے نہلاتے تھے اور خوشبو دار تیل بھی روزانہ لگاتے تھے۔

زہرہ کے والدین نے بتایا کہ محمد اکرم نے مقامی مولوی عبدالرزاق سے زہرہ کا جنازہ پڑھوا کر 2 گھنٹے کے لئے زندہ درگور کردیا بچی کو کفن بھی پہنایا گیا اور اس سے قبل بچی کو بےہوشی کا انجکشن لگایا گیا۔ واقعے کیخلاف اہل علاقہ نے سخت احتجاج کیا۔ متاثرین کی درخواست پر پولیس نے پیر خالد کو گرفتار کرلیا جبکہ متاثرین کے مطابق پیر کو تھانہ میں وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے زہرہ نے بھی سب کے سامنے ڈبہ پیر خالد کو شناخت کرلیا۔ پولیس دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ محمد اکرم اور اس کی بیوی فرحت فرار ہوگئے۔