کراچی میں انسداد پولیو مہم نجی شعبے کو دینے پر غور

میڈیکل کیمپ میں خواتین کو بچوں کو مختلف بیماریوں سے آگاہی اوربچانے کیلیے آگاہی بھی فراہم کی جائیگی۔


Staff Reporter February 20, 2015
حکومت کی 8 حساس یونین کونسلوں کے بچوں کو انسداد پولیو انجکشن لگانے کا منصوبہ آغا خان اسپتال کو دینے پر رضامندی۔ فوٹو: فائل

حکومت سندھ نے کراچی میں انسداد پولیومہم نجی شعبے کو دینے پرغور شروع کردیا اوراس سلسلے میں محکمہ صحت نے تجاویز مرتب کرلی ہیں ابتدائی طور پر محکمہ صحت نے پہلے مرحلے میں کراچی کی8حساس یونین کونسلوں کے 5سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے انجکشن لگانے کی مہم کا منصوبہ آغاخان اسپتال کو دینے پر رضامندی ظاہرکی ہے جس کی تصدیق ای پی آئی حکام نے کی ہے اور کہا ہے کہ ابتدائی طورپر انسداد پولیو انجکشن مہم آغاخان اسپتال کے ماہرین کی نگرانی میں شروع کی جائیگی۔

یہ مہم آغا خان اسپتال محکمہ صحت اورضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے کراچی کی8 یونین کونسلوں میں ہفتہ میں ایک بار میڈیکل کیمپ قائم کرکے منعقد کی جائے گی جہاں بچوں کو پولیو انجکشن ، خسرہ اورمختلف بیماریوں سے بچاؤکیلیے بھی ویکسین دی جائیگی، معلوم ہوا ہے کہ آغاخان کے زیراہتمام آئندہ ماہ سے کراچی کی 8حساس یونین کونسلوں میں میڈیکل کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں بچوں کو پولیو انجکشن کے ساتھ ساتھ بچوں کا تفصیلی طبی معائنہ اوران بچوں کومختلف امراض سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسینشن کا کورس بھی کرایاجائے گا،میڈیکل کیمپ میں خواتین کو بھی امراض نسواں کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اوران خواتین کو بچوں کو مختلف بیماریوں سے آگاہی اوربچانے کیلیے آگاہی بھی فراہم کی جائیگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انسداد پولیومہم پہلے صوبائی محکمہ صحت کے براہ راست نگرانی میں شروع کی گئی تھی بعدازاں اس مہم کو سابقہ ضلعی حکومت کے ماتحت اوراب ضلعی انتظامیہ کے سپرد کردی گئی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت نے انسداد پولیومہم کونجی شعبےمیں دیے جانے کا منصوبہ بند تیارکیا ہے جس میں تجویزدی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں کراچی کی 8حساس یونین کونسلوں میں پولیوانجکشن مہم نجی شعبے کے تحت کرائی جائے تاہم مطلوبہ نتائج حاصل ہونے کے بعد منہ کے ذریعے پلائی جانے والی پولیو خوراک مہم کو بھی نجی شعبے میں دیدیا جائے گا۔