شعبہ صحت میں بہتری سے معاشی ترقی حاصل کی جا سکتی ہے گورنر سندھ

ایچ ایس آر یو بین الاقوامی اور قومی عزم کے تحت صوبہ سندھ میں صحت کی سہولیات کو بہتر کرے گا


Staff Reporter October 06, 2012
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ عوام کی صحت ہمیشہ سے صوبائی حکومت کی ذمے داری رہی ہے اور وہ اس ذمے داری کو مسلسل پورا کرنے میں مصروف عمل ہے۔ فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ صحت اور آبادی معاشرے کا لازمی جز ہیں اور ان میں بہتری آنے سے مطلوبہ معاشی ترقی کے مسائل کو باآسانی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

یہ بات انھوں نے آج گورنر ہائوس میں صحت کے شعبے میں لائحہ عمل سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی،انھوں نے کہا کہ کچھ عام سوالات مثلاً ایک اچھا صحت مند نظام کیسے تشکیل دیا جاتا ہے اور یہ بات سمجھنا کہ آیا صحت کا نظام صحیح طریقے سے کام کر رہا ہے یہ موضوعات عوامی بحث کیلیے ہوتے ہیں، انھوں نے کہا کہ آئین میں 18 ویں ترمیم کے بعد اور اس سے قبل صوبوں کی جانب سے اضلاع کو معاشی اور انتظامی اختیارات کے باعث صوبے کیلیے صحت پالیسی ایک ضرورت بن گئی تھی،عوام کی صحت ہمیشہ سے صوبائی حکومت کی ذمے داری رہی ہے اور وہ اس ذمے داری کو مسلسل پورا کرنے میں مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ سیکٹر اسٹریٹیجی ایک ایسے نظام کو تعمیر کرنے میں مدد دے گی جس کا خواب ہم دیکھتے ہیں اور یہ موجودہ معاشی وسائل میں رہتے ہوئے محکمہ صحت کے لیے مشعل راہ کے طور پر کام دے گی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ اس لائحہ عمل سے انسانی ، انتظامی اور معاشی وسائل کے درمیان فاصلہ کو کم کرنے میں مدد ملے گی،انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے ہیلتھ سیکٹر ریفارمز سپورٹ یونٹ قائم کردیا ہے۔

جو محکمہ کیلیے تھنک ٹینک کے طور پر کام کریگا اور قیادت اور سمت مہیا کریگا،انھوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ریسورس فیسیلٹی ایک بین الاقوامی ادارہ ہے اور یہ ڈی ایف آئی ڈی کی معاونت سے ہیلتھ سیکٹر اسٹریٹیجی کو ترقی دے گا، ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ 2012-2020 کیلیے تجویز کردہ اسٹریٹیجی فریم ورک کا مقصد قلیل المیعاد، درمیانی اور طویل المیعاد منصوبوں کے لیے رہنمائی فراہم کرنا ہے،انھوں نے کہا کہ ایچ ایس آر یو بین الاقوامی اور قومی عزم کے تحت صوبہ سندھ میں صحت کی سہولیات کو بہتر کرے گا۔