ملزم پر پریڈی تھانے میں تشددعدالت کا اظہار برہمی

عدالت نے مقدمے کے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کیا اور ملزم کو طبی امداد فراہم کرنیکی ہدایت کی


Staff Reporter October 06, 2012
ملزم نے عدالت سے شکایت کی کہ اسے 3 روز قبل گرفتار کیا تھا اور تھانے کے حوالات میں اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا. فوٹو: فائل

قتل کے الزام میں گرفتار ملزم محمد فرحان کو تھانے کے حوالات میں تشدد کیے جانے پر عدالت نے تفتیشی افسر سے برہمی کا اظہار کیا اور فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور میڈیکل رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو تھانہ پریڈی نے قتل کے الزام میں گرفتار مذکورہ ملزم کو جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی بدر ندیم قاضی کے روبرو پیش کیا اس موقع پر پبلک پراسیکیوٹر سید شمیم احمد نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو تھانہ صدر نے گزشتہ روز پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کر کے اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا تھا ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے قتل کا اعتراف کیا ہے ملزم نے عدالت سے شکایت کی کہ اسے 3 روز قبل گرفتار کیا تھا اور تھانے کے حوالات میں اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور رات کو جگایا گیا ہے۔

تشدد کے نشانات بھی عدالت کو دکھائے فاضل عدالت نے مقدمے کے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کیا اور ملزم کو طبی امداد فراہم کرنیکی ہدایت اور میڈیکل رپورٹ 3 روز میں عدالت کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے استغاثہ کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ14جون کو اس نے اپنے دیگر مفرور ساتھیوں کے ہمراہ گاڑیوں کے پارٹس کے تاجر محمد سہیل کو دوران ڈکیتی فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا اور اسکے دوملازموں کو زخمی کردیا تھا۔