ورلڈ کپ میں پارنیل کیلیے مہنگے جنوبی افریقی بولر کا داغ

شان پولاک کی منفی ریکارڈ سے جان چھوٹ گئی، روہت شرما رن آؤٹ ہونے والے چھٹے اوپنر


Sports Desk February 23, 2015
شان پولاک کی منفی ریکارڈ سے جان چھوٹ گئی، روہت شرما رن آؤٹ ہونے والے چھٹے اوپنر۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارت کے ہاتھوں 130 رنز سے ملنے والی شکست میں جنوبی افریقی پیسر وین پارنیل نے منفی ریکارڈ اپنے نام جوڑ لیا۔

انھوں نے اس مقابلے میں 9 اوورز میں 85 رنز کی پٹائی برداشت کی، جس کے بعد وہ ورلڈ کپ میں مہنگے ترین جنوبی افریقی بولر ثابت ہوگئے، اس سے قبل یہ منفی ریکارڈ شان پولاک کو 83 رنز دینے پر ملا ہوا تھا، 2007 کے میگا ایونٹ میں آسٹریلوی بیٹسمینوں نے پولا ک کی درگت بنائی تھی، ورلڈ کپ میچز میں کسی بھی ٹیسٹ ملک کی جانب سے بھارت کیخلاف کسی بھی بولر کی یہ دوسری بدترین کارکردگی ہے۔

اس سے قبل انگلش پیسر جیمز اینڈرسن کیخلاف 2011 میں بھی بھارت نے 91 رنز بٹورے تھے، ورلڈ کپ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 130رنز سے مات جنوبی افریقہ کی نویں بڑی شکست ہے، بھارت کے روہت شرما اس مقابلے میں صفرپر رن آؤٹ ہوئے، جس کے بعد ورلڈ کپ مقابلوں میں اس انداز میں وکٹیں گنوانے والے وہ چھٹے اوپنر بنے، اس سے قبل ایسا واقعہ آخری مرتبہ 2011 میں نیوزی لینڈ سے میچ میں زمبابوین اوپنر چارلس کووینٹری کے ساتھ پیش آیا تھا۔

حیران کن طور پر ان چھ واقعات میں سے تین کا تعلق زمبابوے اور 2 کا نیوزی لینڈ سے ہے، شیکھر دھون نے 137 کی اننگز کھیلی، یہ ورلڈ کپ میں پروٹیز کیخلاف کسی بھی بیٹسمین کو بہترین انفرادی اسکور شمار ہوگا، اس سے قبل سابق کیوی کپتان اسٹیفن فلیمنگ 134 ناٹ آؤٹ بناکر اس ریکارڈ پر قابض تھے، دھون کی حالیہ کاوش سمیت جنوبی افریقہ کیخلاف ورلڈ کپ میں اب تک صرف 9 سنچریاں بنی ہیں۔