کراچی سمیت سندھ کو ماڈل صوبہ بنا کر دم لیں گے شرجیل میمن

کام چور ملازمین کام کی عادت ڈال لیں یا گھر چلے جائیں، جو کام کریگا تنخواہ اسی کو ملے گی، وزیر بلدیات سندھ


Staff Reporter February 25, 2015
کراچی، وزیراطلاعات وبلدیات شرجیل میمن مزار قائد کے احاطے میں پودا لگاکر دعا مانگ رہے ہیں۔

وزیراطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ ''صاف سرسبز سندھ، پرامن سندھ'' کا سلسلہ اب رکنے والا نہیں۔

''صاف سرسبزسندھ،پرامن سندھ'' مہم کے دوسرے روز مزار قائد کے اطراف جھاڑو اورپودہ لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کے ساتھ ساتھ جلدہی اندرون سندھ کے تمام اضلاع کے دورے کروں گا اوراس صوبے کوصاف و شفاف اور سر سبز بنا کر ہی دم لوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کام چورملازمین اب کام کی عادت ڈال لیں کیونکہ اب کسی بھی محکمے میں کوئی کام چور یا گھوسٹ ملازم باقی نہیں رہے گا، سول سوسائٹی، سیاسی ومذہبی جماعتیں اورتمام شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اس مہم کو اپنے ذمہ لیں اور اس کا کریڈٹ مجھے یا میری پارٹی کو دینے کے بجائے خود لیں۔

شرجیل میمن نے کہاکہ اگر ہمارے کہے بغیرہی ملازمین کام کرتے اور شہر اور صوبے کو صاف ستھرا رکھتے توآج ہمیں اس طرح سڑکوں پرنہ آنا پڑتا، ہم ہرڈسٹرکٹ، شہر اورگاؤں جائیں گے اورجب تک اس صوبے کو سرسبز نہیں بنادیتے اوریہاں پرصفائی کا کام مکمل نہیں کروادیتے یہ مہم جاری رہے گی۔ انھوں نے سول سوسائٹی، طلبہ،ا ساتذہ، تاجر، صنعتکاروں اورتمام شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو صفائی مہم میں شرکت کی دعوت دی۔ شرجیل میمن نے اس موقع پرمزارقائدکے اطراف میں صفائی کے کاموں میں مصروف داؤدی بوہری برادری کے ایک وفدسے بھی ملاقات کی اوران کے جذبے کوسراہا۔ اس موقع پرکمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی، میونسپل کمشنرکراچی مسعود عالم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

دریں اثناشرجیل میمن کی زیر نگرانی منگل کی شام کلفٹن بلاک2 کے گرین بیلٹ پرقائم تجاوزات کوصاف کردیاگیا،اس دوران کئی ہوٹلز، کیبنز، پتھارے اوردیگر تجاوزات کوبھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں گرین بیلٹ پررکھا ہوا ہوٹلز کاسامان ضبط کرلیاگیا۔ فریئرپارک میں شجر کاری اوربعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کوایک ماڈل صوبہ بنائیںگے،مہم کے دوسرے مرحلے میں کے ایم سی کے زیرانتظام تمام اسپتالوں،ڈسپنسریوں اور اسکولوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیاجائے گا،عوام کے بہتر معیار زندگی، بہتر صحت اور بہترتعلیم دیناحکومت کی ذمے داری ہے اوراس کے ثمرات جلدعوام کوملناشروع ہوں گے،شہر میں گرین بیلٹ پر قائم تمام تجاوزات کاخاتمہ کیا جائے گا۔

مہم ایک سال تک جاری رہے گی جو سرکاری ملازمین سڑکوں پرہمیں دو روز سے نظرآرہے وہ یا تو کام کرنے کی عادت ڈال لیں یاپھر اپنے گھروں کوچلیں جائیں کیونکہ اب صرف کام کرنے والا ہی ملازمت کرے گااور تنخواہ حاصل کرے گا،سندھ بینک میں صوبے کے محکمہ بلدیات کے75ہزار ملازمین کے اکاؤنٹس کھلوانے کے لیے بینک کے صدرسے بات چیت ہوچکی ہے اور جلد ہی یہ سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔