شیخوپورہ میں ناقص مشروب پینے سے 2 کمسن بہنیں جاں بحق

8 سالہ عطیہ اور 7 سالہ نور فاطمہ شربت پیتے ہی چل بسیں، 3 سالہ لائبہ کی حالت تشویشناک


Numainda Express February 25, 2015
بچیوں نے بازار سے لائی گئی مشروب کی بوتل پی تھی، والد، دکاندار کو حراست میں لے لیا گیا۔ فوٹو: فائل

آبادی بھدرو مینارہ میں ناقص مشروب پینے سے 2کمسن بہنیں جاں بحق ہوگئیں جبکہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے بھدرو مینارہ میں ناقص مشروب پیتے ہی 8 سالہ عطیہ اور 7 سالہ نور فاطمہ چل بسیں جب کہ ان کی 3 سالہ بہن لائبہ کی حالت غیر ہوگئی جسے تشویشناک حالت میں چلڈرن اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بچیوں کے والد محمد خالد کے مطابق واقعہ بازار سے لائے جانے والے مشروب کی بوتل پینے کے باعث پیش آیا۔

پولیس نے دکاندار مصطفیٰ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے جب کہ چند روز قبل لاہور روڈ کے علاقہ قلعہ ستار شاہ سے جعلی بوتلوں کی فیکٹری پکڑی گئی تھی۔