4سال پہلے کہاتھاکہ گیلانی بیٹوں سمیت جیل جائینگےشیخ رشید

سپریم کورٹ2سال سے پانی میں مدھانی چلارہی ہے،خط میں دانت ہونگے نہ کوئی دم


Numainda Express October 06, 2012
سپریم کورٹ2سال سے پانی میں مدھانی چلارہی ہے،خط میں دانت ہونگے نہ کوئی دم۔ فوٹو: فائل

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیدنے کہاہے کہ سپریم کورٹ2سال سے پانی میں مدھانی چلارہی ہے۔

حکومت ایسا خط لکھ رہی ہے جس کے دانت ہیں نہ دم،صدرزرداری بالکل ٹھیک کہتے ہیں کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔خانیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میں نے 4برس قبل ہی کہہ دیاتھا کہ گیلانی اوراس کے بیٹے جیل جائیںگے،4برسوں میں ملک2ہزار ارب روپے کامقروض ہو گیا،ملک میں6خاندان اوران کے25 بچے حکمران ہیں،وقت آ رہاہے کہ بیروزگار نوجوان حکمرانوں کے بچے اغواکرینگے،ملک میں بیروزگاری، جرائم،لوڈ شیڈنگ بڑھ رہی ہے۔

امریکاموجودہ حکمران برقرار رکھناچاہتاہے تاکہ اس کے مفادات مکمل ہوسکیں جن سیاستدانوں نے موجودہ حکمرانوں کاساتھ دیا وہ برابر کے گناہ گارہیں، 4برسوں میں 60 روپے کا ڈالر95.5 روپے ہوگیا،بلوچستان کوخطرہ باہر سے نہیں اندر سے ہے، جس شخص نے ملک کواندھیروں میں ڈبویا اسے وزیراعظم بنا دیا گیا،ہم نے 900ریلوے انجن چھوڑے' اب صرف 90چل رہے ہیں،پی آئی اے کے 29میں سے 19 جہاز خراب کھڑے ہیں،کرپٹ حکمرانوں نے تمام اداروں کوتباہ کردیا، عوام کو چوروں،لٹیروں کیخلاف باہرنکلنا ہوگا۔