اپ سیٹ ماسٹرآئر لینڈ کا آج جنوبی افریقہ سے ٹاکرا

پروٹیز کو فٹنس مسائل کا سامنا، فلینڈر اور پال ڈومنی کی شرکت مشکوک


Sports Desk March 03, 2015
ہم پروٹیز کے خلاف بھی کامیابی کے لئے پر امید ہیں، آئرش قائد۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ کے پول بی میں جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کے درمیان مقابلہ آج کینبرا میں ہورہا ہے،

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں اب تک جنوبی افریقہ ایک میچ ہار چکا جبکہ آئرلینڈ کی ٹیم اپنے ابتدائی دونوں مقابلے جیت چکا اور اب ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنانے کیلیے ایک اور اپ سیٹ کے خواب دیکھ رہا ہے۔ آئرش ٹیم نے اپنے پہلے ہی مقابلے میں ویسٹ انڈیز کوزیر کیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں یو اے ای کیخلاف فتح حاصل کی تھی۔

ابھی تک آئرلینڈ کو میدان صاف دکھائی دے رہا مگر اچھی طرح جانتا ہے کہ گروپ میں کوارٹرفائنل کی آخری نشست کیلیے مقابلہ ابھی ہونا ہے۔ اسکی جانب سے فاتح الیون میں تبدیلی کا امکان کم ہے تاہم سلو بولر کے بجائے اضافی سیمر کو میدان میں اتارنے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ کپتان ولیم پورٹر فیلڈ کا کہنا ہے کہ ہم اس بار بھی کامیابی کیلیے پرعزم ہیں، آپ باہر بیٹھ کرکافی سوچ بچار کرتے اور حکمت عملی تیار کرتے ہیں لیکن اصل کام اس پر فیلڈ میں عملدرآمد کرنا ہوتا اور ہم اس کی پوری کوشش کرینگے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کو بھی آئرش خطرے کا اچھی طرح احساس مگر اس کیلیے پوری طرح تیار بھی ہے، جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف شاندار کامیابی حاصل کی مگر اس سے پہلے بھارت سے میچ میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ فاسٹ بولر فلینڈر اور بیٹسمین ڈومنی بدستور ہیمسٹرنگ اور سائیڈ اسٹرین انجری سے دوچار ہیں، انھیں احتیاط کے طور پر آرام دیا جاسکتا ہے۔

اس صورت میں ریلی روسیو اور کائیل ایبٹ کو ایک اور موقع مل سکتا ہے، دونوں نے ویسٹ انڈیز سے میچ میں عمدہ کارکردگی پیش کی تھی تاہم وین پارنیل اور فرحان بہردیان میں سے کسی ایک آل راؤنڈر کو میدان میں اتارا جائے گا۔ کینبرا کی وکٹ پر افغانستان کو گذشتہ میچ میں بیٹنگ میں مشکلات کا سامنا رہا تھا لیکن یہ وہی وینیو ہے جہاں پر کرس گیل نے زمبابوے کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کی تھی، اس بار بھی بڑے اسکور کی توقع جبکہ موسم گرم رہنے کا امکان اور بارش کی کوئی توقع نہیں ہے۔