ڈیوس کپ میں پاکستان کا عمدہ کھیل کویت پر12سے برتری

اعصام الحق اور عقیل خان نے ڈبلز مقابلہ جیت لیا، دونوں کھلاڑی آج ریورس سنگلزکے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گے


Sports Desk March 08, 2015
اعصام الحق اور عقیل خان نے ڈبلز مقابلہ جیت لیا، دونوں کھلاڑی آج ریورس سنگلزکے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گے. فوٹو: فائل

ڈیوس کپ گروپ 2 ایشیا اوشیانا زون میں سہ روزہ ٹائی کے دوسرے دن پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ڈبلز مقابلہ جیت کر کویت پر 2-1 سے برتری حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق ڈیوس کپ گروپ 2 ایشیا اوشیانا زون مقابلوں کے دوسرے دن پاکستان نے ڈبلز جیت کر کویت پر 2-1 سے برتری حاصل کرلی، اتوار کو شیڈول ریورس سنگلز میں ایک فتح ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچانے کیلیے کافی ہوگی، کویتی ٹیم کو اپنا وجود برقرار رکھنے کیلیے دونوں میچز میں کامیابی سے کچھ کم درکار نہیں ہے، ڈبلز میں پاکستانی جوڑی اعصام اور عقیل کو خلیجی حریفوں پر تجربے میں واضح برتری حاصل تھی جس کا مظاہرہ انھوں نے دوران میچ بھی کیا۔

پاکستانی پلیئرز نے ابتدائی سیٹ6-3 سے اپنے نام کیا،کویتی کھلاڑیوں نے کچھ ہمت دکھاتے ہوئے دوسرے سیٹ میں اسی مارجن سے کامیابی حاصل کرکے میچ کو برابری کی سطح پر پہنچایا ، تیسرے سیٹ میں کویتی پلیئرز مزید تین گیمز جیتنے میں سرخروہوئے لیکن سیٹ 6-3 سے پاکستان کے قبضے میں رہا، چوتھے اور فیصلہ کن سیٹ میں مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا، اس میں اعصام اور عقیل نے نہایت عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 6-1 سے فتح سمیٹ لی، اتوار کو شیڈول ریورس سنگلز میں اعصام کا سامنا محمد غاریب سے ہوگا جبکہ عقیل کا ٹاکرا نصیر العبیدلی سے ہونا ہے۔

گروپ کے دیگر فرسٹ رائونڈ میچز میں چائنیز تائپے نے لبنان کیخلاف 3-0 کی فیصلہ کن برتری سے دوسرے رائونڈمیں قدم رکھ دیے، سری لنکا کیخلاف فلپائن نے بھی ابتدائی سنگلز کے بعد ڈبلز میںکامیابی حاصل کرکے پیشقدمی جاری رکھی، انڈونیشیا نے ایران کیخلاف3-0 کی سبقت سے اگلے مرحلے میں جگہ یقینی بنالی،اسے مقابل ٹیم کیلیے پاکستان اور کویت کے فیصلے کا انتظار رہے گا۔تیسرے اورفیصلہ کن رائونڈ میں کامیاب رہنے والی ٹیم آئندہ برس گروپ ون میں ترقی حاصل کرپائے گی۔