پاکستان کے بارے میں قائم غلط تاثر کو دور کرنا اصل چیلنج ہے گورنر سندھ

کراچی اسٹاک ایکسچینج دنیا کے کامیا ب اسٹاک ایکسچینج کے مقابل کھڑاہے،سندھ میںبین المذاہب ہم آہنگی ہے،سفرا سے گفتگو


Staff Reporter October 07, 2012
کراچی اسٹاک ایکسچینج دنیا کے کامیا ب اسٹاک ایکسچینج کے مقابل کھڑاہے،سندھ میںبین المذاہب ہم آہنگی ہے،سفرا سے گفتگو. فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اصل چیلنج تاثر (Perception) کا ہے۔

جس کی وجہ سے پاکستان کی ساکھ پوری دنیا میں متاثر ہوئی ہے جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں ، انھوں نے کہا کہ اس کا اندازہ وہ لوگ بہتر طور پر کرتے ہیں جو کسی بھی ضرورت سے پاکستان آتے ہیں ، انھوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم پاکستان میں ایسی بین الاقوامی سرگرمیوں کا تواتر کے ساتھ انعقاد کریں کہ جس میں زیادہ سے زیادہ مندوبین شرکت کریں،یہ بات انھوں نے پاکستان میں ملائیشیا کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر حسرل سانی معتبر (Dr. Hasrul Sani Muitabar)سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

جنھوں نے قونصل جنرل کراچی ابو بکر کے ساتھ گورنر ہائوس میں ان سے ملاقات کی، اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں منعقدہ ایکسپو پاکستان اور اگلے ماہ ہونے والی حربی نمائش پاکستان کی ساکھ کو بہتر بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگی، انھوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان کا وہ چہرہ بین الاقوامی دنیا کے سامنے پیش کیا جائے جو حقیقت سے مطابقت رکھتا ہو،انھوں نے کہا کہ آج کراچی اسٹاک ایکسچینج اپنی کارکردگی کے لحاظ سے دنیا کے کامیا ب ترین اسٹاک ایکسچینج کے مقابل کھڑا ہے اسی طرح دیگر شعبے بھی مسائل کے باوجود بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ آج بھی کراچی میں موجود ملٹی نیشنل کمپنیاںنہ صرف منافع بخش کاروبار کررہی ہیں بلکہ اپنے کاروبار کو مزید وسعت بھی دے رہی ہے، اس بات سے بخوبی اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ اس شہر اور صوبے میں سرمایہ کاری کے لحاظ سے کتنے مواقع موجود ہیں، اس موقع پر ملائیشیا کے سفیر نے کہا کہ صرف ایکسپو میںملائیشیا کا 30 سے زائد افرا د پر مشتمل وفد شریک ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ ان کا ملک دوطرفہ تجارت پر سنجیدہ ہے اور باریکی سے ان شعبوں کا جائزہ لے رہا ہے جن میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں ۔

دریں اثناء ویٹی کن سٹی کے سفیر نے بھی گورنر سندھ سے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ انھوں نے جب سے یہ عہدہ سنبھالا ہے ان کی اولین ترجیحات میں بین المذاہب ہم آہنگی اہم جز اور ہمیشہ ہی ان کی توجہ کا مرکز رہا ہے ، یہی وجہ ہے کہ صوبہ سندھ میں مختلف مذاہب کے درمیان قریبی ربط ہے جس کی وجہ سے مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے ،اس موقع پر ویٹی کن سٹی کے سفیر نے گورنر سندھ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ نے مذہبی اکائیوں کے درمیان جو ربط قائم رکھا اس نے محبت اور ہم آہنگی کی اعلیٰ مثال قائم کی جسے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔