ورلڈ کپ کوالیفائرز میں یمن نے پاکستان کو 31 سے زیر کرلیا

پاکستان کی جانب سے واحد گول حسن بشیر نے کیا


Sports Desk March 13, 2015
پاکستان کی جانب سے واحد گول حسن بشیر نے کیا۔ فوٹو: فائل

فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے ابتدائی لیگ میچ میں یمن نے پاکستان کو 3-1 سے زیر کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کی کم تر رینکنگ 12 ٹیموں کے مابین جمعرات کو فٹبال ورلڈ کپ 2018 کوالیفائر کے پہلے لیگ میچز کھیلے گئے۔ نیوٹرل وینیوز دوحا میں پاکستانی ٹیم یمن کے مقابل آئی، میچ شروع ہوئے ابھی تیسرا ہی منٹ تھا کہ گول کیپر محمد مزمل نے حریف فارورڈ کو خطرناک انداز میں روکنے کی سنگین غلطی کردی، جس پر ریفری نے خلیجی ٹیم کو پنالٹی کا حقدار قرار دیا.

مزمل نے ڈائریکٹ کک پر گیند کو تو روک لیا لیکن ریباؤنڈ کی صورت میں المتری کی جانب سے لگائے گئے ہیڈر کو وہ نہ سمجھ پائے، خسارے میں جانے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا، 8 ویں منٹ میں حسن بشیر نے گیندکو حریف ڈی میں پہنچایا لیکن ان کی کک پر گیند مخالف کھلاڑی سے ٹکرا کر باہر چلی گئی، 5 منٹ بعد کپتان نے ایک بار پھر انتہائی شاندار موو بنائی لیکن معمولی فرق سے گیندگول پوسٹ سے باہر چلی گئی.

میچ کے21 ویں منٹ میں یمنی اسٹرائیکر ایمان الہگری کو کہنی مارنے کے جرم میں محمد بلال کو یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا، تھوڑی دیر بعد اسٹار اسٹرائیکر کلیم اللہ ایکشن میں آئے اور انھوں نے کئی دفاعی پلیئرز کو ڈاج تو دے لیا لیکن آخری لمحات میں ان کا نشانہ چوک گیا اور گیند پوسٹ سے باہر چلی گئی،30 ویں منٹ میں حسن بشیر کے کارنر پر محمد علی نے گیند کو جال میں پہنچانا چاہا، اس موقع پر حریف گول کیپر راہ میں حائل ہوگئے۔

37 ویں منٹ میں پاکستان نے محمد احمد کی جگہ محمود خان کو میدان میں اتارا،4 منٹ بعد صدام حسین نے طویل فاصلے سے گول کرنے کی ناکام کوشش کی، پہلے ہاف کا یمن کی برتری کے ساتھ اختتام ہوا۔ وقفے کے بعدبھی پاکستانی کھلاڑیوں نے ابتدائی لمحات میں شاندار کھیل پیش کیا لیکن ہر بار کوشش حریف ڈی لائن تک پہنچ کر ناکام بنا دی جاتی ۔ 51 ویں منٹ میں پاکستان نے دوسری تبدیلی کرتے ہوئے محمد علی کی جگہ محمد عادل کو گراؤنڈ میں اتارا،2 منٹ بعد یمن نے پاکستان کیخلاف دوسرا گول داغ دیا، 66 ویں منٹ میں پاکستان کو پنالٹی مل گئی جس پر کپتان حسن بشیر نے گول کرتے ہوئے خسارا 1-2 کیا۔

صرف2 منٹ بعد یمن کے علی الساسی نے فری کک پرگیندکو جال میں پہنچا دیا۔آخری 22 منٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے خسارہ کم کرنے کی بھرپور کوششیں کیںلیکن یمن کے مضبوط دفاع نے ایک نہ چلنے دی۔ 85 ویں منٹ میں حسن بشیر کی فری کک پر گیند کو محمد ریاض نے گول تک پہنچانے میں ناکام رہے، انجری ٹائم میں یمن کے گول کیپر نے حسن بشیر کی دو بار طویل فاصلے سے کوشش کو ناکام بنایا۔

ورلڈ کپ 2018 کے ابتدائی کوالیفائنگ راؤنڈ کے دیگر میچز میں فیفا رینکنگ میں آخری درجے کی ٹیم بھوٹان نے سری لنکا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر اپ سیٹ شکست دیدی،واحد گول ٹی شیرنگ ڈورجی نے 84 ویں منٹ میں کیا۔ بھارت نے اپنے گھر میں بلا کر نیپال کا بُرا حال کردیا، بلو شرٹس نے ابتدائی لیگ میچ 2-0 سے جیتا، دونوں گول سنیل چتری نے داغے۔ایسٹ تیمور نے منگولیا کو تخت مشق بناتے ہوئے پہلی رکاوٹ 4-1 سے عبور کی، کمبوڈیا نے مکاؤ کو 3-0 سے آؤٹ کلاس کیا۔