آئرش کپتان ایک بار پھر اپ سیٹ کے خواب دیکھنے لگے

چٹان کی طرح مستحکم مصباح کی وکٹ گرنے سے سب دبائو میں آ جاتے ہیں، پورٹرفیلڈ


Sports Desk March 14, 2015
چٹان کی طرح مستحکم مصباح کی وکٹ گرنے سے سب دباؤ میں آ جاتے ہیں،پورٹرفیلڈ فوٹو: فائل

آئرش کپتان ولیم پورٹرفیلڈ ایک بار پھر اپ سیٹ کے خواب دیکھنے لگے۔

تفصیلات کے مطابق بی بی سی کو انٹرویو میں آئرلینڈ کے کپتان ولیم پورٹرفیلڈ نے کہاکہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے اچھی طرح واقف ہیں، اسی طرح سب جانتے ہیں کہ ہم کیا کر سکتے ہیں، ہماری ٹیم نے پاکستان کو پہلے بھی ہرایااس بار بھی شکست دیدیں تو کوئی حیرت کی بات نہیں ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ مصباح ایک بڑے کھلاڑی اور چٹان کی طرح مستحکم رہے ہیں،ان کی وکٹ گرنے سے ہر کسی پر دباؤ پڑ جاتا ہے۔ پورٹر فیلڈ نے کہا کہ ہم نے اس ٹورنامنٹ میں جلد وکٹیں لی ہیں جو اچھی بات ہے، ایسے ہی بڑی ٹیموں کو روکا جا سکتا ہے، کسی ایک فرد کو ٹارگٹ کرنے کے بجائے سب کی وکٹیں جلد لینے پر توجہ مرکوز کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس کئی باصلاحیت کھلاڑی اور مصباح کی شکل میں اچھے کپتان موجود ہیں تاہم انھیں ہرانے کی پوری کوشش کریں گے۔

گرین شرٹس کیخلاف 2007 کی جیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے پورٹرفیلڈ نے کہا کہ ہمیں اس وقت کوئی نہیں جانتا تھا، پہلا میچ زمبابوے کے خلاف ٹائی کیا اور وہی اعتماد پاکستان کے خلاف مقابلے میں لے گیا، اگر ہم اتوار کو بھی پاکستان کو ہرا سکیں تو یہ آئرلینڈ کی کرکٹ، عوام اور ٹیم کیلیے بہت اچھا ہو گا، جب یہاں آئے تھے تو ہدف کوارٹر فائنل تک پہنچنا تھا۔ اگر حاصل کر پائیں تو بہت خوشی ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم کا مورال پورے ٹورنامنٹ کے دوران ہی بہت زبردست رہا، ہر میچ کے لیے بہت اچھی تیاری کی، ہم جانتے ہیں کہ ایونٹ میں کیا کچھ کر سکتے ہیں،اب تک اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور یہی سلسلہ جاری رکھنا چاہیں گے، پلیئرز پاکستان سے میچ کے منتظر اور فتح کیلیے پُرعزم ہیں۔