بلدیہ ٹاؤن میں شہریوں کے تشدد سے 2 ڈاکو ہلاک 2 زخمی

پولیس و رینجرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا


Staff Reporter March 16, 2015
ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے جوکہ علاقے میں بھتہ خوری ، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے، پولیس فوٹو: فائل

بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں علاقہ مکینوں نے لوٹ مار کرنے والے 4 ڈاکوؤں کو پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس سے 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے، پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مشتعل افراد کے چنگل سے نکال کر لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا.

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او سلیم شیخ جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرتا ہے، تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے پٹنی محلے میں 4 مسلح ڈاکو شہریوں سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کررہے تھے کہ قریب موجود لوگوں نے شور مچادیا، شور کی آوازیں سن کر ڈاکوؤں نے فرار ہونے کی کوشش کی، علاقہ مکینوں نے فوری طور پر ڈاکوؤں کا تعاقب کیا اور انھیں دھرلیا، اس موقع پر مشتعل شہریوں نے ڈاکوؤں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں ڈکیتی و رہزنی کی وارداتیں بڑھ گئی تھیں اور مسلح افراد جب اور جہاں چاہتے شہریوں کو نقدی و موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم کردیتے تھے، اس بارے میں بلدیہ ٹاؤن پولیس کو کئی بار آگاہ کیا لیکن پولیس نے کارروائی سے گریز کیا۔

مکینوں نے مزید بتایا کہ ایس ایچ او بلدیہ ٹاؤن سلیم شیخ جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرتا ہے، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی لیکن اس دوران 2 ڈاکو ہلاک ہوچکے تھے، پولیس نے سخت جدوجہد کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا، فوری طور پر ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت نہیں ہوسکی، ذرائع نے بتایا کہ سلیم شیخ مرنے والے ڈاکوؤں کو جانتے ہیں لیکن ان کی شناخت ظاہر نہیں کررہے، ذرائع کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کے نام سلیم خان اور عبدالغفور ہیں۔

شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس و رینجرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ، 2 ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جو ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری اور دیگر جرائم کی وارداتوں میں ملوث اور مطلوب تھے، تفصیلات کے مطابق شیرشاہ میں پراچہ قبرستان کے قریب پولیس موبائل اسنیپ چیکنگ کررہی تھی کہ دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی، ایس ایچ او ایاز بروہی کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے شینار ولد وزیر خان زخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے اس کے ساتھی عمران ولد افضل خان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے پستول، دستی بم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔

ایس ایچ او کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے جوکہ علاقے میں بھتہ خوری ، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے، ملزمان فیکٹری مالکان سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کرچکے ہیں، ملزمان کا آبائی تعلق وزیرستان سے ہے،علاوہ ازیں رینجرز کے ترجمان میجر سبطین کے مطابق رینجرز نے گلشن اقبال، سعید منزل، گلبہار، واٹر پمپ اور بنارس میں کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ملزمان میں ٹارگٹ کلرز بھی شامل ہیں جوکہ دیگر کئی جرائم میں بھی ملوث ہیں، دریں اثنا سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق سندھ پولیس نے 24 گھنٹے کے دوران 85 چھاپہ مار کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 95 ملزمان گرفتار کیے گئے، اسی دوران7 مقابلے ہوئے،ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کی 30 پستولیں، 2 دستی بم اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی۔