ویمنز کرکٹ جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستانی بیٹنگ دغا دے گئی

دوسرے ون ڈے میں پروٹیز 3 وکٹ سے فتحیاب ہوکر سیریز میں واپس آگئیں،انعم کی 4وکٹوں کی پرفارمنس رائیگاں


Sports Desk March 16, 2015
جنوبی افریقہ نے 3وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 1-1سے برابر کردی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ دغا دے گئی، جنوبی افریقہ نے 3وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 1-1سے برابر کردی۔

گرین شرٹس نے گرتے پڑتے کپتان ثنا میر کے ناقابل شکست 35رنز کی بدولت 133رنز بنائے،اوپنر جویریہ خان نے 34رنز کی مزاحمت کی،6کی ڈبل فیگر میں رسائی بھی ممکن نہ ہوسکی،سنی لس نے 5، شبنم اسماعیل نے 3کو پویلین کی راہ دکھائی،مہمان ٹیم نے ہدف 7وکٹوں کے نقصان پر عبور کرلیا،وین نیکرک34 ،ٹریشا چیٹی33رنز کے ساتھ نمایاں رہیں،انعم امین صرف 9رنز کے عوض 4شکار کرنے کے باوجود ناکامی کی راہ میں دیوار نہ بن سکیں،سیریز کا فیصلہ کن میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کیخلاف57رنز سے فتح حاصل کرنے والی پاکستان ٹیم دوسرے میچ میں کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام رہی، گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگزابتدا میں ہی تباہی کا شکار ہوگئی،مرینہ اقبال کو شبنم اسماعیل نے 10رنز پر بولڈ کرنے کے بعد بسمعہ معروف کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی وکٹ کیپر ٹریشا چیٹی کا کیچ بنوادیا، جویریہ خان(34) کی مزاحمت ماریسا لیٹ سولو نے ختم کرنے کیلیے وین نیکرک کی معاونت حاصل کی۔

تیسری وکٹ 73پر گرنے کے بعد پروٹیز نے میزبان ٹیم کی پریشانیوں میں تسلسل کیساتھ اضافہ کیا،سنی لس نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر نین عابدی(21)کی اننگز تمام کردی،کائنات امتیاز کو شبنم اسماعیل نے 7 پر ایل بی ڈبلیو کرکے پانچواں نقصان پہنچایا، ندا ڈار(4) کو سنی لس نے رن آؤٹ کرنے بعد بولنگ کرتے ہوئے اسماویہ اقبال(6) کو بھی ایابونگا کھاکا کی مدد سے دھر لیا، رابعہ شاہ نے صرف ایک رن بنانے کے بعد سنی لس کی گیند پر بیزوڈین ہاؤٹ کو کیچ تھمادیا،سنی لس نے ہی ثانیہ خان کو اسٹمپ کرانے کے بعد انعم امین کو بولڈ کردیا، دونوں کو کھاتہ کھولنے کا بھی موقع نہ مل سکا۔

ایک اینڈ سے مسلسل وکٹیں گرنے کے باوجود کپتان ثنا نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 رنز بنائے اور ناقابل شکست پویلین واپس گئیں، پاکستان کی اننگز 48.4اوورز میں 133 تک محدود رہی،سنی لس نے 20رنز کے عوض 5، شبنم اسماعیل نے 15کے بدلے میں 3شکار کیے،جواب میں جنوبی افریقہ کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا،انعم امین نے اوپنر ندائن موڈلی کو 10پر بولڈ کیا تو مجموعی اسکور 19 تھا، انھوں نے اگلی ہی گیند پر بیزوڈین ہاؤٹ کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی ایل بی ڈبلیو کردیا، کپتان میگنون ڈی پریزصرف 8رنز ہی بنا پائی تھیں کہ ثنا میر کی گیند پر کائنات امتیاز کو کیچ دیدیا،صرف 28پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد ماریسا چیٹی نے 33پر وکٹ گنوانے تک اسکور 75تک پہنچا دیا تھا۔

انم امین نے ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے لیزلی کی مزاحمت 28پر ختم کرنے کیلیے ندا ڈار کا کا سہارا لیا، اس موقع پر گرین شرٹس کو بھی فتح کے آثار نظر آنے لگے تھے لیکن بولنگ کرتے ہوئے ناک میں دم کرنے والی سنی لس نے 12رنز کی اننگز کے دوران وین نیکرک کا ساتھ نبھاکر خطرہ کسی حد تک ٹال دیا،انھیں کائنات امتیاز نے مرینہ اقبال کا کیچ بنوانے کے بعد شبنم اسماعیل(0) کا ابھی اسی انداز میں شکار کرلیا، تاہم وین نیکرک نے ناقابل شکست 34رنز بناتے ہوئے ہدف کا حصول 8 گیندیں قبل ہی ممکن بنادیا۔انعم امین نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے اپنے 10اوورز میں صرف9 رنز دیکر 4وکٹیں حاصل کیں، کائنات امتیاز11رنز کے عوض 2اور ثنامیر 18رنز کے بدلے میں ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئیں، پلیئر آف دی میچ سنی لس کو قرار دیا گیا، سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔