پاکستان اور آسٹریا دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے معاہدے پر متفق

ایف بی آر صدر دفتر میں مسودے کو حتمی شکل دے کر دونوں ممالک آج معاہدے پر دستخط کر دیں گے


Irshad Ansari March 17, 2015
معاہدے کے تحت شہریوں کو مخصوص طریقہ کار کے ذریعے دہرے ٹیکسوں سے بچایا جائیگا۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان منگل کو دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے معاہدے پر دستخط ہوں گے جبکہ معاہدے سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ہیڈکوارٹرز میں دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے معاہدے کے مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی، دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک کی ٹیکس اتھارٹیز ٹیکس کے معاملات پر تبادلہ خیال کریں گی اور دونوں ممالک کے شہریوں کی آمدنی سے متعلق ٹیکس وصولی کے میکنزم پرعمل درآمد کرکے اپنے اپنے شہریوں کو دہرے ٹیکسوں کی ادائیگی سے بچاسکیں گی۔

یاد رہے کہ پاکستان کے سری لنکا، بلجیم، تھائی لینڈ، سعودی عرب، سنگا پور، برطانیہ، امریکا، سوئٹزرلینڈ اور متحدہ عرب امارات سمیت دنیا کے تمام اہم اور بڑے ممالک سمیت مجموعی طور پر 47 کے لگ بھگ ممالک کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے معاہدے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے معاہدے میں ترامیم کے حوالے سے بھی مذاکرات جاری ہیں اور مذاکرات کا ایک راؤنڈ سوئٹزر لینڈ میں ہوچکا ہے جس میں پاکستان کی ٹیکس اتھارٹیز کے حکام شرکت کرکے اپنے موقف سے سوئس ٹیکس اتھارٹیز کو آگاہ کر چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے ترمیمی معاہدے کی صورت میں پاکستانی ٹیکس اتھارٹیز سوئس بینکوں میں موجود پاکستانیوں کی دولت کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گی تاہم ترمیمی معاہدے کو حتمی شکل دینے میں متعدد رکاوٹیں اور مشکلات درپیش ہیں جنہیں دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔