پاکستان ویڈیوز دیکھ کرآسٹریلیا کی خامیاں تلاش کرنے لگا

مضبوط بولنگ کامقابلہ کرنے کیلیے مثبت اورجارحانہ کرکٹ کھیلنی ہو گی، سرفراز احمد


Sports Desk March 18, 2015
مضبوط بولنگ کامقابلہ کرنے کیلیے مثبت اورجارحانہ کرکٹ کھیلنی ہو گی، سرفراز احمد۔ ۔فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستان ویڈیوز دیکھ کرآسٹریلیا کی خامیاں تلاش کرنے لگا۔

آسٹریلیا سے کوارٹر فائنل کے حوالے سے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے کہاکہ ہم میچ سے قبل اپنے اینالسٹ کی مدد سے میزبان بولرزکی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں،اسی کے مطابق تیاری ہو گی، حریف ٹیم کی بولنگ بہت مضبوط ہے۔ اس کا مقابلہ کرنے کے لیے مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلنی ہو گی۔

میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے مزیدکہا کہ کوارٹر فائنل میں کوئی بھی فیورٹ نہیں اور اس دن جو بھی سائیڈ اچھا کھیلی وہی کامیاب ہو گی۔ انھوں نے کہاکہ آسٹریلیااور پاکستان کے میچ ہمیشہ سخت رہے ہیں چونکہ ہم نے حریف کیخلاف یو اے ای میں حالیہ ٹیسٹ سیریز جیتی لہٰذا دبائو کینگروز پر ہو گا۔

اس سوال پر کہ میزبان ٹیم کے پیس اٹیک میں لیفٹ آرم بولرز مچل اسٹارک، مچل جانسن اور جیمز فالکنر موجود ہیں تو انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس بھی تو راحت علی اور وہاب ریاض موجود ہیں۔ ان کی بولنگ پر اچھی پریکٹس مل رہی ہے، اسٹارک کی بولنگ کا میں یو اے ای میں ایک میچ میں سامنا کر چکا ہوں لہذا امید ہے کہ کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ سرفراز احمد نے اعتراف کیا کہ آئرلینڈ کے خلاف میچ میں اولین سنچری کے قریب آ کر گھبراہٹ کا شکار ہوگیا تھا، نروس نائنٹیز میں عمر اکمل نے ہمت بندھائی اور میری سنچری ممکن بنانے کے لیے ایک اوور بلاک کیا۔