دھونی نے ون ڈے فتوحات کی سنچری کا جشن منالیا

بھارت نے ورلڈ کپ میں مسلسل 11ویں فتح کے ساتھ سیمی فائنل میں قدم رکھے


Sports Desk March 20, 2015
محمد شامی نے رواں ایونٹ کے ٹاپ بولرکی دوڑ میں اسٹارک کو پیچھے چھوڑ دیا۔ فوٹو: رائٹرز

بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ون ڈے فتوحات کی سنچری کا جشن منا لیا، وہ کامیاب ترین قائدین کی فہرست میں رکی پونٹنگ اور ایلن بورڈر کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے۔


تفصیلات کے مطابق بھارتی کپتان دھونی نے بنگلہ دیش کیخلاف کوارٹر فائنل جیت کر ون ڈے کرکٹ میں فتوحات کی سنچری مکمل کرلی،کامیاب ترین کپتانوں کی فہرست میں ان سے آگے 2آسٹریلوی قائدین ہیں، رکی پونٹنگ 167میچز میں سرخرو ہوکر میدان سے باہر آئے جبکہ ایلن بورڈر نے 107 بار حریفوں کو شکست کا مزا چکھایا۔ بھارت نے مسلسل 11ویں ورلڈکپ مقابلے میں کامیابی پائی،ان میں سے4فتوحات دفاعی چیمپئن نے ہوم گراؤنڈز پر گزشتہ میگا ایونٹ میں حاصل کی تھیں، آسٹریلیا نے 1999میں ورلڈکپ کی ٹائٹل فتح سے2011تک مسلسل 25 فتوحات کو گلے لگایا۔

آئی سی سی میگا ایونٹس میں بلو شرٹس کی لگاتار فتوحات کا سلسلہ 16تک جاپہنچا،ان میں سے 5چیمپئنز ٹرافی 2013میں تھیں، بھارتی بولرمحمد شامی بنگلہ دیش کے 2بیٹسمینوں کو پویلین بھیجنے میں کامیاب ہوئے، پیسر نے رواں ورلڈکپ میں اپنی وکٹوں کی مجموعی تعداد 17کرلی،اس سے قبل آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک 16شکار کرکے ٹاپ بولرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود تھے، انھیں پاکستان کیخلاف جمعے کو ایڈیلیڈ میں شیڈول میچ میں ایک بار پھر برتری قائم کرنے کا موقع ملے گا۔