وسیع پیمانے پر انتخابی اصلاحات کی جائیں آصف زرداری

جوڈیشل کمیشن کے قیام سے تنازعات اور دھرنا سیاست ختم ہو جائے گی، آصف زرداری


جوڈیشل کمیشن کے قیام سے تنازعات اور دھرنا سیاست ختم ہو جائے گی، آصف زرداری۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے سیاسی استحکام کے لیے اور انتخابات میں گزشتہ 6 دہائیوں سے دھاندلیوں کو ختم کرنے کیلیے مطالبہ کیا ہے کہ وسیع بنیادوں پر انتخابی اصلاحات کی جائیں۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں سابق صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام سے تنازعات اور دھرنا سیاست ختم ہو جائے گی اور پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلیوں کو ان کا کردار سڑکوں کے بجائے پارلیمنٹ میں ادا کرنے کا موقع ملے گا تاہم اس بات کی ضرورت ہے کہ انتخابات میں بد عنوانیوں کے یکسر خاتمے کیلیے تمام سیاسی پارٹیوں میں اتقاق رائے ہو۔

انھوں نے کہا کہ دانش پر صرف سیاسی پارٹیوں کی اجارہ داری نہیں، تجاویز دینے اور سفارشات پیش کرنے کے عمل میں عوام اور دیگر شراکت داروں کی آرا لینا بہت ضروری ہے۔

دریں اثنا آصف زرداری سے بدھ کو وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی صورت حال سمیت سندھ میں امن وامان کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے کراچی میں جاری آپریشن سمیت دیگر امور کے بارے میں بھی گفتگو کی ۔ وزیر اعلیٰ نے آصف زرداری کووزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے امن و امان کے اجلاس کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔