دہشت گردوں نے عرب ملکوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا روسی صدر

علاقائی صورت حال میں بہتری کے بغیر دہشت گردی کے خلاف موثر جنگ ممکن نہیں، ولادی میر پوتن


APP March 30, 2015
ولادی میر پوتن نے دہشت گرد واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس مجرمانہ اور وحشیانہ کارروائیوں کی بھر پور مذمت کرتا ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: روس کے صدر ولادی میر پوتن نے کہا ہے کہ شدت پسندوں اور دہشت گردوں نے کئی عرب ملکوں کی سلامتی کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے، دہشت گرد کارروائیوں سے لاکھوں افراد متاثر ہو رہے ہیں اور شدت پسندوں نے انسانی تاریخ کے بیش قیمت ثقافتی ورثے کو تباہ و برباد کر دیا۔

اتوار کو صدارتی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں صدر ولادی میر پوتن نے شرم الشیخ میں عرب لیگ سربراہ اجلاس کا خیر مقدم کیا ہے، صدر پوتن نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ علاقائی صورت حال میں بہتری کے بغیر دہشت گردی کے خلاف موثر جنگ ممکن نہیں، اس مقصد کے لیے بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کی بنیاد پر شام، لیبیا اور یمن کے بحرانوں کو جلد از جلد مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے، انھوں نے دہشت گرد واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس ان مجرمانہ اور وحشیانہ کارروائیوں کی بھر پور مذمت کرتا ہے۔