ورلڈکپ میں شکست کی تحقیقات کا معاملہ ٹھنڈا پڑگیا

چیئرمین پی سی بی کی قائم کردہ5رکنی کمیٹی کا تاحال ایک بھی اجلاس نہ ہو سکا


Saleem Khaliq April 02, 2015
آئندہ چند روز میں اجلاس ہوگا جس میں سابق کپتان مصباح الحق، کوچ وقار یونس اور منیجر نوید اکرم چیمہ کو بھی بلا کر رائے لی جائے گی، ذرائع۔ فوٹو: فائل

ورلڈکپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شکست پر تحقیقات کا معاملہ ٹھنڈا پڑگیا، چیئرمین شہریارخان نے 5رکنی کمیٹی قائم کی تھی جس کا تاحال ایک بھی اجلاس نہ ہو سکا، دوسری جانب بورڈ نے کئی بڑے فیصلے بھی کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقدہ میگا ایونٹ میں پاکستان کا سفر کوارٹر فائنل میں کینگروز سے شکست پر ختم ہو گیا تھا، ٹیم کی وطن واپسی پر چیئرمین پی سی بی نے ناکامی کی وجوہات جاننے کیلیے 5رکنی کمیٹی قائم کر دی، گوکہ اس کا باضابطہ اعلان نہ ہوا تاہم اس میں شہریار خان سمیت نجم سیٹھی، سبحان احمد، اقبال قاسم اور وسیم باری شامل ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ کئی دن گذرنے کے باوجود اب تک اس کمیٹی کی ایک بھی میٹنگ نہیں ہو سکی۔

گذشتہ دنوں انعقاد کا فیصلہ ہوا تو دونوں سابق کرکٹرز کو صدرمملکت سے ملاقات کیلیے اسلام آباد جانا پڑگیا، دوسری جانب اب پی سی بی نے اظہر علی کو ٹیم کا کپتان بنانے کے ساتھ ہارون رشید کو چیف سلیکٹر بھی مقرر کر دیا، ایسے میں کمیٹی کی افادیت ویسے ہی ختم ہو چکی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں اجلاس ہوگا جس میں سابق کپتان مصباح الحق، کوچ وقار یونس اور منیجر نوید اکرم چیمہ کو بھی بلا کر رائے لی جائے گی، اسی کی روشنی میں مستقبل کے حوالے سے فیصلے ہوں گے۔

قومی ٹیم میں شامل بعض کھلاڑیوں کے حوالے سے کوچ نے منفی رپورٹ دی اس پر بھی ان سے بات ہو گی،کمیٹی اپنی رپورٹ دے گی جس پر غور کے بعد چیئرمین بورڈ شہریار خان اقدامات تجویز کریں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بورڈ میں عام خیال یہ ہے کہ بڑے فیصلے کرنے سے قبل اگر اس کمیٹی کی سفارشات کا انتظار کیا جاتا تو اچھا رہتا، اب میٹنگز بلانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔