بلدیہ عظمیٰ اور رینجرز نے مختلف علاقوں سے بیریئرز ہٹادیے

گلبرگ، نارتھ کراچی، ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی اورکھارادر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں


Staff Reporter April 02, 2015
گلبرگ، نارتھ کراچی، ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی اورکھارادر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ فوٹو: ایکسپریس

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے رینجر ز کی مدد سے شہر کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے بیریئرز کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کردیا، محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان کی نگرانی میں تشکیل دی گئی۔

مختلف ٹیموں نے بیریئر ہٹائے جانے کی مہم کے دوران پانچویں روز کارروائی کرتے ہوئے رینجرز کی موجودگی میں ضلع وسطیٰ میں گلبرگ، نارتھ کراچی، ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی اور ضلع جنوبی میںکھارادر کی مختلف گلیوں اور سڑکوں پر لگائے گئے بیریئرز کو مسمار کرکے ضبط کرلیاجنھیں بعدازاں کے ایم سی کے اسٹور میں جمع کرادیا گیا، علاوہ ازیں کلفٹن میں بلال ہاؤس کے باہر سے رکھی گئیں رکاوٹیں طویل عرصے کے بعد ہٹا دی گئیں اور سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، بلال ہاؤس کے باہر رکاوٹیں ہٹانے کا کام منگل کی شب 12بجے شروع کیا گیا جو صبح 5 بجے تک جاری رہا اس دوران کے ایم سی کے عملے نے بھاری مشینری کی مدد سے بھاری بریئرز، کنکریٹ بلاکس اور کنٹینرز ہٹا دیے۔

ایس پی کلفٹن کا کہنا ہے بلاول ہاؤس کے باہر تعمیر گئی دیوار گرائی نہیں گئی ہے البتہ رکاوٹیں ہٹا کر اسے ٹریفک کے لیے ضرور گھول دیا گیا ہے، ڈائریکٹر انکروچمنٹ کے ایم سی مظہر خان کا کہنا ہے کے ایم سی کے عملے نے بلال ہاؤس کے باہر رکھے ہوئے7 سے 8 ہیوی بریئرز، کنکریٹ بلاکس اور سڑک کے دونوں جانب رکھے تین تین کنٹینرز بھی ہٹا دیے گئے ہیں اور سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دی گئی،ایس پی کلفٹن امجد حیات نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلاول ہاؤس کے باہر سیکیورٹی خدشات کے باعث تعمیر کی جانے والی دیوار گرائی نہیں گئی البتہ رکاوٹیں ہٹا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے ضرور کھول دیا گیا ہے، انھوں نے بتایا کہ رکاوٹیں ہٹانے کے بعد سڑک پر ٹریفک کی آمدو رفت جاری ہے۔